چین کے شمال مغربی صوبے شانشی کے دارالحکومت شی آن میں آگ بجھانے والا ایم اے60 طیارہ نظر آرہا ہے۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے مقامی طور پر تیارکردہ ایم اے 60 سول سرچ اینڈ ریسکیو طیارے نے کامیابی کے ساتھ اپنی پہلی آزمائشی پرواز مکمل کرلی ہے جس سے اس کی جامع پرواز کی آزمائش اور تصدیقی مراحل کے باضابطہ آغاز کی تصدیق ہوگئی ہے۔
چین کی معروف طیارہ ساز کمپنی، ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن آف چائنہ (اے وی آئی سی) نے اعلان کیا کہ ایم اے 60 سول سرچ اینڈ ریسکیو طیارے نے اپنے مخصوص دن کے وقت کے تکنیکی تجربات کامیابی سے مکمل کر لئے ہیں۔ یہ پرواز ایک گھنٹہ اور 20 منٹ تک جاری رہی جس کے بعد طیارہ چین کے شمال مغربی صوبے شانشی کے دارالحکومت شی آن کے ایک ہوائی اڈے پر بحفاظت اترا۔
یہ نیا طیارہ ملکی ساختہ ایم اے 60 ماڈرن آرک کی کثیر المقاصد طیارہ فیملی سے تعلق رکھتا ہے۔
اے وی آئی سی کے ماہرین کے مطابق دیر سے ردعمل اور محدود تلاش کی صلاحیت جیسے چیلنجز نے طویل عرصے سے وسیع فاصلے اور پیچیدہ حالات میں بحری سرچ اینڈ ریسکیو کی کارروائیاں موثر طریقے سے انجام دینے کی چین کی صلاحیت میں رکاوٹ ڈال رکھی تھی۔
یہ نیا طیارہ سرچ اینڈ ریسکیو، جائے حادثہ کا جائزہ لینے اور عملے کی نقل و حمل جیسی صلاحیتوں کے ساتھ تیار کیا گیا ہے اور اسے وسیع پیمانے پر مختلف حالات میں استعمال کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
یہ طیارہ سمندروں، بلند و بالا علاقوں اور قدرتی آفات جیسے زلزلے اور سیلاب سے متاثرہ مقامات پر موثر انداز میں مشن انجام دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
