ولادیووسٹک: روس کا کارگو خلائی جہاز پروگریس ایم ایس -26 مشن مکمل ہونے پر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن ( آئی ایس ایس) سے علیحدہ ہوگیا،جس کا ملبہ بعد ازاں بحرالکاہل کے پانیوں میں غرق ہوگیا۔
روس کی ریاستی خلائی کارپوریشن راسکوسموس نے منگل کو بتایا کہ آئی ایس ایس پر چھ ماہ کے مشن کے بعد پروگریس ایم ایس -26 کارگو جہاززمینی فضا میں داخل اور سمندر میں غرق ہوگیا۔
خلائی جہاز منگل کو صبح 5 بجے( ماسکو ٹائم) خلائی اسٹیشن کے سروس ماڈیول زویدا سے الگ ہوا۔ صبح 8 بج کر9 منٹ پراسے مدار سے ہٹانے کے لیے پروپلشن سسٹم کو چلایا گیا اور یہ تین منٹ سے زیادہ دیر تک جلتا رہا جس کے آدھے گھنٹے بعد یہ زمین کی فضا میں داخل ہوا۔
راسکوسموس کے اس سے پہلے کے اندازے کے مطابق خلائی جہاز کے باقی ماندہ غیرآتش گیرعناصرکو صبح 8 بج کر 49 منٹ پربحر الکاہل میں گرنا تھا۔
پروگریس ایم ایس -26 کو 15 فروری 2024 کو بائیکونور کاسموڈروم سے سویوز راکٹ کے ذریعے خلا میں بھیجا گیا تھا جو 17 فروری کو خلائی اسٹیشن کے ساتھ منسلک ہوا تھا۔
