چین کے مشرقی شہر شنگھائی میں حاضرین عالمی اے آئی کانفرنس کے دوران گھریلو روبوٹ کو کام کرتے ہوئے دیکھ رہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین نے 2025 کی عالمی اے آئی کانفرنس اور عالمی اے آئی نظم ونسق پر اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کے لئے 40 سے زائد ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے اعلیٰ سطح کے نمائندوں کو مدعو کیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیا کن نے کہا کہ چینی وزیراعظم لی چھیانگ 26 جولائی کو شنگھائی میں ہونے والی عالمی اے آئی کانفرنس 2025 اور عالمی اے آئی نظم و نسق کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی افتتاحی تقریب میں شرکت اور خطاب کریں گے۔
ترجمان نے معمول کی نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ مصنوعی ذہانت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور یہ نئی تکنیکی انقلابی لہر اور صنعتی تبدیلی کا ایک اہم محرک بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اے آئی کانفرنس 2025 اور عالمی اے آئی نظم ونسق پر اجلاس کا انعقاد چین کی طرف سے پیش کردہ عالمی اے آئی نظم و نسق انیشی ایٹو پر عملدرآمد کا اہم قدم ہے جس کا مقصد اس کانفرنس کو اے آئی کے شعبے میں ٹیکنالوجی کی قیادت، ایپلیکیشن کی نمائش، صنعت کی ترقی اور نظم ونسق کے مشاورتی مرکز کے طور پر فروغ دینا ہے۔
گو کے مطابق اس سال کی کانفرنس کا موضوع "مصنوعی ذہانت کے دور میں عالمی یکجہتی” ہے۔
