اتوار, جولائی 27, 2025
انٹرنیشنلغزہ میں جنگ بندی مذاکرات جاری، اسرائیل کا "مکمل فتح" کا عندیہ

غزہ میں جنگ بندی مذاکرات جاری، اسرائیل کا "مکمل فتح” کا عندیہ

غزہ شہر میں بے گھر فلسطینی بچے ال یرموک سٹیڈیم میں قائم عارضی پناہ گاہ میں مقیم ہیں-(شِنہوا)

یروشلم(شِنہوا)اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ اسرائیل کو غزہ کی جنگ میں مکمل فتح کے لئے کارروائی  کرنا ہوگی۔

وزیر دفاع کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق اسرائیل کاٹز نے یہ بات اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال ضمیر اور دیگر سینئر کمانڈروں کے ساتھ مختلف محاذوں کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس کے دوران کہی۔

انہوں نے کہا کہ ہم جنگ کے مقاصد حاصل کرنے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔ غزہ اور یمن میں ہمارے پاس دو محاذ باقی ہیں اور ہمیں دونوں میں مکمل فتح کی طرف بڑھنا ہوگا۔

ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب قطر کے دارالحکومت دوحہ میں غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کے لئے بات چیت جاری ہے اور اسی دن اسرائیلی میڈیا میں مذاکرات میں نمایاں پیشرفت کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

غزہ شہر میں الشفا ہسپتال میں اسرائیلی حملے کے دوران شہید فلسطینیوں کی رشتہ دار نوحہ کناں ہیں-(شِنہوا)

بیان کے مطابق اسرائیل کاٹز نے جنگ کے مقرر کردہ مقاصد کو حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیا جن میں خاص طور پر تمام اسرائیلی یرغمالیوں کی واپسی اور حماس کا ہتھیار ڈالنا شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف جنگ دوبارہ شروع ہونے کا امکان موجود ہے۔ انہوں نے  گزشتہ ماہ کی مختصر جنگ میں حاصل ہونے والی "کامیابیوں” کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا، ساتھ ہی ایک موثر منصوبہ بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ ایران اپنے جوہری اور میزائل منصوبوں کو دوبارہ شروع نہ کرسکے۔

کاٹز نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اسرائیلی فوج کی مختلف علاقوں بشمول شام اور لبنان میں کنٹرول پوائنٹس اور سکیورٹی زونز پر موجودگی اسرائیلی آبادیوں کے دفاع کے لئے ایک "سکیورٹی ضرورت” ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج مغربی کنارے کے پناہ گزین کیمپوں کے اندر موجود رہے گی اور اگر ضرورت پڑی تو مزید کیمپوں میں بھی کارروائی کرے گی۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!