چین کے جنوب مغربی صوبے گوئی ژو کے شہر گوئی یانگ میں چائنہ انٹرنیشنل بگ ڈیٹا انڈسٹری ایکسپو 2024 میں ایک مہمان میٹا ورس ڈیوائس آزما رہی ہے-(شِنہوا)
گوئی یانگ(شِنہوا)چائنہ انٹرنیشنل بگ ڈیٹا انڈسٹری ایکسپو 2025، 28 اگست سے 30 اگست تک چین کے جنوب مغربی صوبے گوئی ژو کے دارالحکومت گوئی یانگ میں منعقد ہوگی۔
منگل کے روز منتظمین کی پریس کانفرنس کے مطابق اس ایکسپو میں ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت کے امتزاج سے جنم لینے والی جدید اختراعات کو اجاگر کیا جائے گا جن کا مقصد ڈیٹا وسائل کے موثر انضمام اور قدر کی تخلیق کو فروغ دینا ہے تاکہ صنعتی ترقی اور معیاری اقتصادی نمو کو نئی تحریک دی جا سکے۔
قومی اعداد وشمار انتظامیہ (این ڈی اے) کے ترجمان وانگ شوڈونگ نے اس نمائش کے بڑھتے ہوئے بین الاقوامی پہلو کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کی پہلی عالمی نمائش ہے جو مکمل طور پر ڈیٹا پر مرکوز ہے۔ اس سال کا ایڈیشن بین الاقوامی رسد و طلب کی شراکت داری کے ایک زون کے آغاز کا پیش خیمہ ہوگا۔
یہ نمائش 5 اہم شعبوں یعنی ڈیٹا عناصر، ڈیٹا انڈسٹری، ڈیجیٹل معیشت، ڈیٹا انفراسٹرکچر اور بین الاقوامی تعاون کے گرد ترتیب دی گئی ہے۔ اس میں جدید نظریات اور عملی تجربات پر مبنی 20 سے زائد فورمز منعقد کئے جائیں گے۔
