مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں مہمان شنگھائی تعاون تنظیم کے فریم ورک کے تحت چین-مصر تعلقات میں مسلسل پیشرفت کے موضوع پر سیمینار میں شریک ہیں-(شِنہوا)
قاہرہ(شِنہوا)مصر میں چینی سفارتخانے اور مصری کونسل برائے خارجہ امور نے قاہرہ میں مشترکہ طور پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا جس میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے فریم ورک کے تحت چین اور مصر کے تعلقات میں مسلسل پیش رفت کو اجاگر کیا گیا۔
اس تقریب میں دونوں ممالک کے سینئر سفارتکاروں، خارجہ امور کے ماہرین اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔
مصر میں چین کے سفیر لیاؤ لی چھیانگ نے اپنے کلیدی خطاب میں ایس سی او کی مختلف سرگرمیوں میں مصر کی فعال شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مصر شنگھائی تعاون تنظیم کا مکالماتی شراکت دار ہے۔
چینی سفیر نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ چین اور مصر ایس سی او کے فریم ورک کے تحت قریبی رابطہ اور تعاون قائم کریں گے۔ دونوں ممالک باہمی تعلقات کو مشترکہ مستقبل کے حامل چین-مصر معاشرے کی تشکیل کے ہدف کی طرف لے جائیں گے جو عالمی امن و ترقی میں بھی کردار ادا کرے گا۔
اجلاس میں شریک مہمانوں نے مصر اور چین کے بڑھتے ہوئے تعلقات اور ایس سی او کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مصر اور چین ایس سی او کے فراہم کردہ ترقیاتی مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عالمی نظم و نسق کو بہتر بنانے اور عالمی جنوب کی ترقی کو فروغ دینے کے لئے مل کر کام کریں گے۔
مصری کونسل برائے خارجہ امور کے ڈائریکٹر عزت سعد نے سیمینار کی صدارت کی۔ انہوں نے شِنہوا کو بتایا کہ مصر دو طرفہ سطح پر اور ایس سی او فریم ورک کے تحت ہمیشہ چین کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے پرعزم رہا ہے۔
عزت سعد نے کہا ہم سمجھتے ہیں کہ ایس یس او مصر اور چین کے تعلقات کو فروغ دینے کے لئے اہم پلیٹ فارم ہے۔ مصر چین کی جانب سے پیش کردہ اقدامات کی بنیاد پر عالمی جنوب کے ممالک کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعاون کو مزید گہرا کرنے کا منتظر ہے۔
