چین نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بغیر کسی ثبوت کے چینی اداروں کے جائز مفادات کو نقصان پہنچانا بند کرے-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین نے یورپی یونین (ای یو) سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بغیر کسی ثبوت کے چینی اداروں کے جائز مفادات کو نقصان پہنچانا بند کرے اور چین اپنے اداروں کے قانونی حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات کرے گا۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکن نے ان خیالات کا اظہار اپنی روزانہ کی پریس بریفنگ میں روس کے خلاف یورپی یونین کی تازہ پابندیوں کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ ان پابندیوں میں چین کے متعدد ادارے اور بینک بھی شامل ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ میں اس بات پر زور دینا چاہتا ہوں کہ چین ہمیشہ ان یکطرفہ پابندیوں کی مخالفت کرتا ہے جن کی بین الاقوامی قوانین میں کوئی گنجائش نہیں اور نہ ہی انہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے منظوری حاصل ہے۔
یوکرین بحران کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ چین ہمیشہ امن مذاکرات کو فروغ دینے کے لئے پرعزم رہا ہے، کبھی بھی متحارب فریقین کو مہلک ہتھیار فراہم نہیں کئے جبکہ اس نے دوہری استعمال کی اشیاء کی برآمدات پر سخت کنٹرول برقرار رکھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چینی اور روسی اداروں کے درمیان معمول کے تبادلے اور تعاون میں مداخلت یا خلل نہیں ڈالنا چاہیے۔
