ٹوکیو: جاپانی وزیر اعظم شگیرو اشیبا نے کہا ہے کہ الیکشن ہارنے پر لیبرل ڈیموکریٹک پارٹی سے معذرت کرتا ہوں، جاپان کے لیے سب سے اہم چیز سیاسی استحکام ہے ،ہمیں کئی چیلنجز کا سامنا ہے، کومیتو پارٹی کے ساتھ مل کر اتحادی حکومت جاری رکھیں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپانی وزیر اعظم شگیرو اشیبا نے اپنے بیان میں کہا کہ بڑھتی ہوئی قیمتوں سے نمٹنے کے لیے دیگر جماعتوں سے تعاون طلب کریں گے، ٹیرف، بڑھتی ہوئی قیمتوں اور اقتصادی مسائل سے نمٹنے کے لیے میرا عہدے پر رہنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا قومی مفاد کا تحفظ کرتے ہوئے امریکا کے ساتھ ٹیرف پر ڈیل کرنے کی کوشش کریں گے، صدر ٹرمپ کے ساتھ تجارت پر حل تلاش کرنے کے لیے جلد از جلد بات کرنا چاہتے ہیں، ٹیرف معاملے پر کوئی بھی معاہدہ جاپان اور امریکا دونوں کے لیے منصفانہ ہونا چاہیے۔
یاد رہے کہ جاپان میں ہونے والے ایوان بالا کے انتخابات میں لبرل ڈیموکریٹک پارٹی اور ان کی اتحادی جماعت کمیتو کو 248 رکنی ایوان میں اکثریت کے لیے 50 سیٹیں درکار تھیں تاہم دونوں جماعتیں ملکر 47 سیٹیں حاصل کر سکیں۔
