لاہور: اداکارہ مہوش حیات نے ساحر لودھی کی نقل اتارنے والی وائرل ویڈیوز پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کسی کے انداز کو ناپسند کر سکتے ہیں لیکن اس انسان کی بنیادی عزت ہمیشہ برقرار رہنی چاہیے، ساتھ ہی انہوں نے سب کو نرمی برتنے اور شائستگی اختیار کرنے کا مشورہ بھی دیا۔
انسٹاگرام پر اداکارہ نے لکھا کہ یہ انتہائی نامناسب اور ناجائز ہے کہ آپ کسی کا مذاق اڑائیں، لوگ بھول گئے ہیں کہ ساحر بھی ایک انسان ہیں اور ان کے بھی جذبات اور احساسات ہیں جیسے کہ ہم سب کے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ساحر لودھی نے اس انڈسٹری میں اپنی ایک منفرد جگہ بنائی ہے اور وہ اب تک اس مقام پر قائم ہیں، جو کہ قابلِ احترام ہے اور یہ بالکل آسان نہیں ہے۔
واضح رہے میزبان و اداکار ساحر لودھی کی کچھ ویڈیوز ان دنوں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں جو ان کے انسٹاگرام اکاونٹ پر موجود ہیں، ویڈیوز بھارتی پاپارازی کے اسٹائل میں بنائی گئی ہیں جیسے کہ ساحر کو معلوم نہیں کہ کوئی ان کی ویڈیو بنانے آ رہا ہے جب کہ کیمرہ مین بھی ان کا اپنا ہے اور یہ ویڈیوز بھی ان ہی کے پیج پر شیئر کی جا رہی ہیں۔
