اتوار, جولائی 27, 2025
تازہ ترینچین کی مستحکم ترقی برازیل اور دنیا کے لئے مواقع پیدا کرتی...

چین کی مستحکم ترقی برازیل اور دنیا کے لئے مواقع پیدا کرتی ہے، برازیلی ماہر

چین کے جنوبی صوبے ہائی نان کے شہر ہائیکو میں لوگ تیسری چین بین الاقوامی اشیائے صرف نمائش (سی آئی سی پی ای) میں برازیلی کافی کے بارے میں معلومات لے رہے ہیں-(شِنہوا)

ریو ڈی جنیرو(شِنہوا)برازیل کی ساؤ پاؤلو یونیورسٹی میں سیاسی معیشت کے پروفیسر مارکوس پائرز نے کہا ہے کہ چین موجودہ عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال کے باوجود اب بھی ایک وسیع منڈی اور سرمایہ کاری کا اہم عالمی ذریعہ ہے اور اس کی مسلسل معاشی ترقی نہ صرف برازیل بلکہ دیگر ممالک کے لئے بھی ترقی کے مواقع پیدا کر رہی ہے۔

مارکوس پائرز نے شِنہوا کو ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ امریکہ جغرافیائی سیاسی کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے اور یکطرفہ معاشی دباؤ ڈال رہا ہے جس سے عالمی صنعتی و سپلائی چین متاثر ہو رہی ہے، وہیں چین کی مستحکم معاشی کارکردگی "عالمی ترقی کے لئے استحکام کا مرکز”  ثابت ہوئی ہے۔

مارکوس پائرز نے کہا کہ چین نے برازیل سمیت عالمی جنوب کے ممالک کے لئے بھی مواقع پیدا کئے ہیں۔ چین کئی سال سے برازیل کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار رہا ہے۔

برازیل کی وزارت ترقی، صنعت، تجارت اور خدمات کے مطابق 2024 میں بھی چین برازیل کی برآمدات کا سب سے بڑا مرکز رہا ہے جس کا حصہ مجموعی برآمدات میں 28 فیصد رہا۔

پروفیسر پائرز نے کہا کہ چین میں صارفین کے بدلتے ہوئے رجحانات اور تیزی سے جاری ماحول دوست منتقلی برازیل کی فوڈ پروسیسنگ، قابل تجدید توانائی اور ڈیجیٹل سروسز جیسی صنعتوں کے لئے نئے مواقع فراہم کر رہی ہے۔

پائرز کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ تجارت برازیل کو ادائیگیوں کے توازن کو برقرار رکھنے اور بین الاقوامی ذخائر کی سطح کو بلند رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ برازیل 2008 کے عالمی مالیاتی بحران سے نسبتاً کم متاثر ہوا جس کی بڑی وجہ چین کے ساتھ اس کی مضبوط تجارتی شراکت داری تھی۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!