سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں دراعیہ کمپنی کی جانب سے جاری کردہ تصویر میں دراعیہ ایرینا کے ڈیزائن کا تصوراتی منظر دکھایا گیا ہے۔(شِنہوا)
ریاض(شِنہوا)سعودی عرب کی دراعیہ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اس نے دارالحکومت ریاض کے قریب دراعیہ ایرینا بلاک کی تعمیر کے لئے چائنہ ہاربر انجینئرنگ کمپنی (سی ایچ ای سی) کو 1.53 ارب ڈالر کا ٹھیکہ دے دیا ہے۔ اس منصوبے میں کثیر المقاصد انڈور کمپلیکس، تین مخلوط استعمال کی دفتری عمارتیں اور پارکنگ کی سہولت شامل ہیں۔
کمپنی کے مطابق دراعیہ ایرینا کا مجموعی رقبہ تقریباً 74 ہزار مربع میٹر ہوگا۔ اسے اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ اسے ضرورت کے مطابق ڈھالا جا سکے یا توسیع کی جا سکے۔ یہ ایرینا موسیقی کے پروگرامز، کھیلوں کے مقابلوں، ای سپورٹس مقابلوں، نمائشوں اور براہ راست شوز جیسے مختلف پروگراموں کے انعقاد کے لئے موزوں ہوگا۔ اس میں 20 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔ اس کا مقصد دنیا بھر سے لوگوں اور سیاحوں کو اپنی طرف راغب کرنا ہے۔
دراعیہ کمپنی کے گروپ سی ای او جیری انزریلو نے کہا کہ دراعیہ ایرینا ایک سنگ میل تفریح کمپلیکس ہوگا جو وژن 2030 کے مطابق سعودی عرب کے فنون اور ثقافتی مستقبل کو تشکیل دینے کے حوالے سے شہرکے بڑھتے ہوئے کردار کو مضبوط کرتا ہے۔
چائنہ ہاربر انجینئرنگ کمپنی (مشرق وسطیٰ) کے سی ای او یانگ ژی یوآن نے کہا کہ یہ ٹھیکہ حاصل کرنا سعودی عرب میں سی ایچ ای سی کے لئے اہم سنگ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ چائنہ ہاربر انجینئرنگ اس منصوبے کو پایہ تکمیل پہنچانے کے لئے اپنا عالمی تجربہ،تکنیکی مہارت اور پیچیدہ منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے اپنے سابقہ اچھےریکارڈ کو بروئے کار لائے گی۔
