چین کے مشرقی صوبے شان ڈونگ کے شہر چھنگ ڈاؤ میں جیاؤ ژو ریلوے سٹیشن سے 1 لاکھ 10 ہزار ویں چین-یورپ مال بردار ٹرین گزر رہی ہے-(شِنہوا)
ارمچی(شِنہوا)چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغورخودمختار علاقے میں واقع اہم زمینی بندرگاہ آلاشانکو سے رواں سال بدھ تک 4 ہزار سے زائد چین-یورپ (وسطی ایشیا) مال بردار ٹرینوں کی آمدورفت ہوئی۔یہ بندرگاہ آلاتاؤ درہ بھی کہلاتی ہے۔
قابل ذکر طور پر سنکیانگ کے ریلوے نیٹ ورک نے 2025 میں چین-یورپ مال بردار ریلوے سروس کو مزید بہتر بنانے کے لئے سرحدی بندرگاہوں کی گنجائش کو وسعت دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد سنکیانگ کو یوریشیا کے ایک بڑے نقل و حمل مرکز اور مغرب کی راہداری کے طور پر ترقی دینا ہے۔
گزشتہ سال جِنگ حہ-آلاشانکو ڈبل ٹریکنگ منصوبے کے آغاز کے بعد سنکیانگ کے ریلوے شعبے نے آلاشانکو سٹیشن سے نئی کنٹینر لائن متعارف کرائی اور 2 موجودہ لائنوں کو بہتر کیا۔ ان کوششوں سے چین-یورپ مال بردار ٹرینوں کی آمدورفت کی کارکردگی میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اب اس سٹیشن پر روزانہ 21 سے زائد مال بردار ٹرینیں آتی ہیں جبکہ بعض دنوں میں یہ تعداد 30 تک پہنچ جاتی ہے۔
اس وقت آلاشانکو پورٹ سے 124 چین-یورپ (وسطی ایشیا) مال بردار ٹرین روٹس دستیاب ہیں جو جرمنی اور پولینڈ سمیت 21 ممالک تک پھیلے ہوئے ہیں۔ ان روٹس کے ذریعے نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں اور مشینری کے پرزہ جات جیسے 200 سے زائد اقسام کا سامان لے جایا جاتا ہے۔
