چین کے دارالحکومت بیجنگ میں آمدہ تیسرے چائنہ انٹرنیشنل سپلائی چین ایکسپو (سی آئی ایس سی ای) کے مقام کا بیرونی منظر۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین تیسرے چائنہ انٹرنیشنل سپلائی چین ایکسپو (سی آئی ایس سی ای)کا بدھ کو بیجنگ میں آغاز کر رہا ہےجس میں این ویڈیا، ایپل اور ایئربس سمیت کثیر القومی کمپنیاں صنعتی مضبوطی اور سرحد پار تعاون کا مظاہرہ کریں گی۔
اس نمائش میں 75 ممالک، خطوں اور بین الاقوامی تنظیموں کے 651 ادارے اور کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں جن میں امریکی نمائش کنندگان میں گزشتہ سال کی نسبت 15 فیصد کا نمایاں اضافہ شامل ہے۔ یہ نمائش ترسیلی نظام کو مستحکم کرنے کے لئے مضبوط بین الاقوامی عزم کی علامت ہے۔
عالمی کمپنیاں نمائش میں سرگرمی سے حصہ لے رہی ہیں۔ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیانمائش میں پہلی بار شرکت کرے گی جس میں این ویڈیا چپس سے لیس جدید روبوٹس پیش کئے جائیں گے۔ ایئربس بھی پہلی دفعہ شرکت کرے گی اور اپنے عالمی سپلائی چین کے شراکت داروں کو ساتھ لے کر آئے گی تاکہ بڑے طیاروں کی تیاری کی صنعت کے جامع ماحولیاتی نظام کو پیش کیا جا سکے۔
نمائش کی منتظم چائنہ کونسل فار دی پروموشن آف انٹرنیشنل ٹریڈ (سی سی پی آئی ٹی ) کے مطابق این ویڈیا کے سی ای او جین سین ہوانگ بدھ کو نمائش کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے اور متعلقہ سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔
منگل کو سی سی پی آئی ٹی کے چیئرمین رین ہانگ بن کے ساتھ ایک ملاقات میں ہوانگ نے کہا کہ چینی مارکیٹ بڑی اور متحرک ہے اور چین میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی ترقی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔
رین من یونیورسٹی آف چائنہ میں شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے ڈائریکٹر وانگ یی وے نے کہا کہ کثیر القومی کمپنیاں یہ سمجھ رہی ہیں کہ عالمی ترسیلی نظام میں اپنا مقام برقرار رکھنے کے لئے چین میں ایک مضبوط موجودگی ضروری ہے۔
