چین کے نائب وزیراعظم ڈنگ شوئے شیانگ بیجنگ میں یورپی کمیشن کی ایگزیکٹو نائب صدر ٹیریسا ربیرا کے ساتھ چھٹا چین-یورپی یونین اعلیٰ سطح ماحولیاتی و موسمیاتی مکالمہ کررہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے نائب وزیراعظم ڈنگ شوئے شیانگ نے بیجنگ میں یورپی کمیشن کی ایگزیکٹو نائب صدر ٹیریسا ربیرا کے ساتھ چھٹا چین-یورپی یونین اعلیٰ سطح ماحولیاتی و موسمیاتی مکالمہ مشترکہ طور پر منعقد کیا۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی دفتر کی قائمہ کمیٹی کے رکن ڈنگ شوئے شیانگ نے فریقین پر زور دیا کہ وہ اپنے رہنماؤں کی تزویراتی رہنمائی میں ماحولیاتی اور موسمیاتی امور پر عملی تعاون کو مضبوط کریں اور چین، یورپی یونین اور دنیا میں پائیدار ترقی کے لئے مزید موثر کردار ادا کریں۔
ڈنگ نے کہا کہ چین ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ چین نے اس حوالے سے کئی عملی اقدامات مرتب اور نافذ کئے ہیں اور اپنی معیشت اور سماجی ترقی کی جامع ماحول دوست منتقلی میں نمایاں نتائج حاصل کئے ہیں۔
ڈنگ نے کہا کہ چین ماحول دوست اور کم کاربن ترقی کو بھرپور طریقے سے فروغ دے گا اور عالمی ماحولیاتی و موسمیاتی نظم و نسق میں موثر شرکت کے لئے اقدامات کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین یورپی یونین کے ساتھ اعلیٰ سطح کے مکالمے اور تبادلے کو برقرار رکھنے، زیادہ اتفاق رائے پیدا کرنے اور ماحول دوست شراکت داری کو گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔
ربیرا نے کہا کہ یورپی یونین چین کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ کو ایک موقع کے طور پر لیتے ہوئے موجودہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی خواہاں ہے۔ یورپی یونین نئے مواقع تلاش کرنے، کثیرجہتی اصولوں پر کاربند رہنے اور پیرس معاہدے پر موثر عملدرآمد کو فروغ دینے کی بھی خواہش مند ہے۔
