افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک سڑک پر ٹرک کھڑے ہیں-(شِنہوا)
کابل(شِنہوا)افغان ذرائع ابلاغ کے ادارے طلوع نیوز کے مطابق 2025 کی پہلی ششماہی میں افغانستان اور پاکستان کے درمیان تجارت تقریباً ایک ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
افغانستان کی وزارت صنعت و تجارت کے ترجمان اخوندزاده عبدالسلام جواد کے مطابق اس عرصے کے دوران پاکستان کے ساتھ افغانستان کی تجارت 98کروڑ 90لاکھ امریکی ڈالر رہی، جس میں 27کروڑ 70لاکھ ڈالر کی برآمدات اور71کروڑ 20لاکھ ڈالر کی درآمدات شامل ہیں۔
اخوندزاده عبدالسلام جواد کے مطابق پاکستان سے افغانستان کی اہم درآمدات میں ادویات، چاول، چینی، کپڑے اور مقامی کارخانوں کے لئے خام مال شامل ہیں جبکہ پاکستان کو افغانستان کی برآمدات میں کپاس، کوئلہ، پیاز، ٹماٹر، کشمش، لوبیا اور ٹالک شامل ہیں۔
حکام نے تصدیق کی ہے کہ غلام خان سرحدی گزرگاہ کی بندش کے باوجود پاکستان کو افغان برآمدات میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں اضافہ ہوا ہے۔
افغانستان چیمبر آف کامرس اینڈ انویسٹمنٹ کے بورڈ کے رکن خان جان الوکزئی کے مطابق موجودہ برآمدات خصوصاً تازہ پھل اور سبزیاں چمن، طورخم، سپین بولدک اور دند پتان کی سرحدی گزرگاہوں کے ذریعے منتقل کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ سال پھلوں کے موسم کے عروج پران میں سے بہت سی گزرگاہیں بند تھیں۔
