اتوار, جولائی 27, 2025
تازہ ترینچین کی انسداد غربت کی کامیابیوں پر شنہوا انسٹیٹیوٹ کی تحقیقی رپورٹ...

چین کی انسداد غربت کی کامیابیوں پر شنہوا انسٹیٹیوٹ کی تحقیقی رپورٹ جاری

’’عوام کی بہتر زندگی کے لئے جدوجہد: غربت کے خاتمے میں چین کی عملی اور نظریاتی جدتیں‘‘ کے عنوان سے رپورٹ کی کاپیوں کی تصویر-(شِنہوا)

بیجنگ(شِنہوا)شِنہوا نیوز ایجنسی کے قومی سطح کے اعلیٰ درجے کے تھنک ٹینک شِنہوا انسٹیٹیوٹ نے چین کے تخفیف غربت کے تجربے پر مبنی تحقیقی رپورٹ جاری کی ہے۔

’’عوام کی بہتر زندگی کے لئے جدوجہد: غربت کے خاتمے میں چین کی عملی اور نظریاتی جدتیں‘‘ کے عنوان سے یہ رپورٹ بیجنگ میں جمعرات سے جمعہ تک ہونے والے عالمی تہذیبی مکالمہ وزارتی اجلاس کے دوران چینی اور انگریزی زبانوں میں بیک وقت جاری کی گئی۔

5 ابواب پر مشتمل اس رپورٹ میں چین کی غربت کے مکمل خاتمے کے بعد کی نئی ذمہ داریوں، غربت میں کمی کے لئے اپنائی گئی نظریاتی و عملی حکمت عملیوں اور اس شعبے میں بین الاقوامی تعاون پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق چین نے فروری 2021 میں غربت کے مطلق خاتمے کا اعلان کرنے کے بعد 5 سالہ عبوری مرحلے میں غربت کے خاتمے کی کامیابیوں کو مضبوط بنانے اور اسے وسعت دینے کے لئے مسلسل اقدامات کئے۔

2025 اس عبوری مدت کا آخری سال ہوگا۔ اس دوران چین نے بڑے پیمانے پر دوبارہ غربت میں جانے کی روک تھام کے لئے کم سے کم درجہ برقرار رکھا ہے۔

یہ کامیابی روزگار اور آمدنی میں بہتری کی صورت میں ظاہر ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مثال کے طور پر 2024 کے اختتام تک 3 کروڑ 30 لاکھ 50 ہزار سے زائد ایسے افراد جو پہلے غربت کا شکار تھے، اب روزگار حاصل کرچکے ہیں۔ یہ تعداد مسلسل 4 سال سے 3 کروڑ سے زائد رہی ہے۔

گزشتہ سال ان کاؤنٹیوں میں دیہی رہائشیوں کی فی کس قابل تصرف آمدنی 17 ہزار 522 یوآن (تقریباً 2 ہزار 450 امریکی ڈالر) رہی جو کہ 2021 کے مقابلے میں 24.7 فیصد زیادہ ہے۔ مسلسل 4 سال سے ان علاقوں میں آمدنی میں اضافے کی شرح قومی دیہی اوسط سے زیادہ رہی ہے۔

رپورٹ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مشترکہ مستقبل پر مبنی عالمی معاشرے کے وژن کی روشنی میں چین بین الاقوامی سطح پر غربت کے خاتمے میں دیگر ترقی پذیر ممالک کو محض "پیروکار” نہیں بلکہ "برابر کے شراکت دار” کے طور پر دیکھتا ہے۔

چینی وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ماہرین کی کمیٹی کے رکن پین حہ لین نے کہا کہ چین نے نہ صرف اپنی غربت کا مسئلہ کامیابی سے حل کیا ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی غربت کے خاتمے میں کردار ادا کرتے ہوئے مثالی نمونہ پیش کیا ہے۔ کوئی بھی غریب ملک چین کے غربت کے خاتمے کے تجربے سے سیکھ کر غربت سے چھٹکارا حاصل کرسکتا ہے اور دوبارہ اس میں گرنے سے بچ سکتا ہے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!