انڈونیشیا کے مغربی صوبے جاوا کے شہر بانڈونگ میں بوشا آبزرویٹری میں پہلے طویل بیس لائن انٹرفیرومیٹری (وی ایل بی آئی )گلوبل آبزرونگ سسٹم (وی جی او ایس) ریڈیو ٹیلی سکوپ کا مرکزی انٹینا نظر آرہا ہے۔(شِنہوا)
جکارتہ(شِنہوا)انڈونیشیا کے بانڈونگ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی نے چین کی اکیڈمی آف سائنسز سے وابستہ شنگھائی آسٹرونومیکل آبزرویٹری کے تعاون سے مغربی صوبے جاوا کے بانڈونگ میں بوشا آبزرویٹری میں انڈونیشیا کے پہلے طویل بیس لائن انٹرفیرومیٹری (وی ایل بی آئی) گلوبل آبزرونگ سسٹم (وی جی او ایس) ریڈیو ٹیلی سکوپ کے مرکزی انٹینا کی تنصیب مکمل کرلی۔
ٹیلی سکوپ کا منصوبہ چین اور انڈونیشیا کے درمیان بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو اور گلوبل میری ٹائم فلکرم فریم ورک کے اندر تعاون کو فروغ دینے کے مشترکہ منصوبے کے تحت جاری وسیع دو طرفہ تعاون کا حصہ ہے جس پر 16 نومبر 2022 کو چین اور انڈونیشیا نےدستخط کئے تھے۔ وی جی او ایس منصوبے کا مقصد ریڈیو فلکیات سے لے کر زمین کے مشاہدے تک سائنسی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔
ایک بڑی کرین کے ذریعے 85 ٹن وزنی انٹینا کے ڈھانچے کو اٹھا کر نصب کیا گیا جس سےوی جی او ایس ٹیلی سکوپ کی عمارت کی مجموعی بلندی 19 میٹر ہوگئی اور اس کے بنیادی ڈھانچے کی تنصیب کا آخری مرحلہ مکمل ہوگیا۔ بعد میں اس ٹیلی سکوپ کو ایک جی این ایس ایس ریسیور، موسمیاتی سٹیشن اور ہولومیٹری انٹینا سے لیس کیا جائے گا تاکہ کثیر الشعبہ تحقیق ممکن ہو سکے۔
وی جی او ایس ایک عالمی نیٹ ورک ہے جو ہم آہنگ ریڈیو ٹیلی سکوپس پر مشتمل ہے جو کائناتی ریڈیو ذرائع کے انتہائی درست مشاہدات فراہم کرتا ہے۔ دنیا بھر میں قائم سٹیشنوں سے حاصل شدہ ڈیٹا کو ملا کر یہ نظام زمین کی گردش کے پیرامیٹرز، ٹیکٹونک پلیٹوں کی حرکات اور براعظمی تبدیلیوں کی نگرانی، زمینی اور فلکیاتی حوالہ جاتی فریمز، فلکیاتی وقت اور موسمیاتی مطالعہ میں مدد فراہم کرتا ہے۔
بوشا آبزرویٹری کی سربراہ اور وی جی او ایس ترقیاتی عملدرآمدی ٹیم کی چیئرپرسن ہستی ریتنو تری وولانداری نے کہاکہ وی جی او ایس کی موجودگی ہمیں ایک بار پھر تاریخ رقم کرنے کا موقع دیتی ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ آلہ انڈونیشی فلکیات کو ترقی دینے اور سائنسی دنیا میں حقیقی کردار ادا کرنے میں مدد دے گا۔
شنگھائی آسٹرونومیکل آبزرویٹری کے ڈپٹی ڈائریکٹر چھی ژاؤ شیانگ کے مطابق یہ سہولت اکتوبر 2025 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
