چین کے نائب وزیراعظم لیو گوژونگ چین میں غربت کے خاتمے کی کامیابیوں کو مستحکم اور وسیع کرنے اور دیہی علاقوں کی باقاعدہ بنیادوں پر معاونت کی طرف ہموار منتقلی یقینی بنانے کے حوالے سے ایک کانفرنس میں شریک ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)ایک تھنک ٹینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین نے فروری 2021 میں مکمل طور پر غربت کے خاتمے کا اعلان کرنے کے بعد 5 سالہ عبوری مدت کے دوران غربت کے خاتمے کی کامیابیوں کو مستحکم اور وسعت دینے کے لئے مسلسل کوششیں کی ہیں۔
یہ رپورٹ شِنہوا انسٹیٹیوٹ نے ’’عوام کی بہتر زندگی کے لئے کوشش: غربت کے خاتمے کی کامیابیوں کو مستحکم اور وسعت دینے میں چین کی عملی اور نظریاتی جدت‘‘کے عنوان سے جاری کی ہے جو شِنہوا نیوز ایجنسی کا ایک اعلیٰ سطح کا قومی تھنک ٹینک ہے۔
رپورٹ کے مطابق غربت کے خلاف جنگ میں کامیابی کے بعد چین نے دیہی ترقی کو فروغ دینے کی کوششوں کے تحت ان کامیابیوں کو برقرار رکھنے اور بڑھانے کے لئے 5 سالہ عبوری مدت مقرر کی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کووڈ-19 وبا، معاشی دباؤ اور عالمی سطح پر ترقی کے بڑھتے ہوئے تفاوت جیسے پیچیدہ چیلنجز کے جواب میں چین نے دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان فرق کم کرنے کے لئے متعدد اقدامات کئے جن میں ژے جیانگ کے ’’سرسبز دیہی احیا پروگرام‘‘ کے تجربات کو فروغ دینا اور مشرق-مغرب تعاون کو گہرا کرنا شامل ہے تاکہ علاقائی عدم توازن اور پسماندگی کا مقابلہ کیا جاسکے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 2025 اس عبوری مدت کا آخری سال ہے اور چین نے اس تمام عرصے میں بڑے پیمانے پر دوبارہ غربت میں جانے سے بچنے کے بنیادی اصول کو مضبوطی سے اپنایا ہے۔
یہ امر روزگار اور آمدنی میں نظر آیا۔ مثال کے طور پر 2024 کے آخر تک 3 کروڑ 30 لاکھ 50 ہزار افراد جن کا تعلق سابقہ غریب گھرانوں سے تھا، روزگار میں مصروف تھے اور یہ تعداد مسلسل 4 سال سے 3 کروڑ سے زائد رہی۔
رپورٹ کے مطابق 2024 میں ان اضلاع میں دیہی باشندوں کی فی کس قابل تصرف آمدنی 17ہزار522 یوآن (تقریباً 2ہزار450 امریکی ڈالر) تک پہنچ گئی جو 2021 کے مقابلے میں 24.7 فیصد زیادہ ہے۔ مسلسل 4 سالوں سے ان اضلاع میں آمدنی میں اضافہ دیہی باشندوں کی قومی اوسط سے زیادہ رہا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی خلاصہ کیا گیا ہے کہ عبوری لائحہ عمل نے غربت میں دوبارہ جانے سے بچنے کے لئے ایک 4 نکاتی طویل المدتی طریقہ کار فراہم کیا جو ذمہ داریوں، پالیسیوں، وسائل اور مالی معاونت اور غربت کی نگرانی کے تسلسل سے ظاہر ہوتا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ غربت کے خاتمے سے مشترکہ خوشحالی کی جانب منتقلی کے لئے ایک اہم ادارہ جاتی بندوبست کے طور پر چین کی 5 سالہ عبوری مدت نے غربت میں واپسی کو روکنے اور نگرانی کے لئے ایک جامع طریقہ کار قائم کیا ہے۔
