چین کے جنوبی مکاؤ میں تائپا نمائشی علاقے میں منعقدہ ’’پاپ مارٹ مکاؤ سٹی واک‘‘ کے دوران لڑکیاں سیلفی لے رہی ہیں-(شِنہوا)
مکاؤ(شِنہوا)مکاؤ کے ریستورانوں اور اسی نوعیت کے دیگر اداروں میں مئی 2025 کے دوران الیکٹرانک ادائیگیوں کی مالیت 1.15 ارب پٹاکا (تقریباً 14 کروڑ 26 لاکھ امریکی ڈالر) تک پہنچ گئی جس میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 7.7 فیصد اور گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 9.5 فیصد اضافہ ہوا۔
خصوصی انتظامی علاقے(ایس اے آر) کے شماریات اور مردم شماری سروس(ڈی ایس ای سی) کی رپورٹ میں اس اضافے کی وجہ فاسٹ فوڈ ریستورانوں، مغربی طرز کے ریستورانوں اور مقامی طرز کے کیفے میں نمایاں اضافے کو قرار دیا جن کی سالانہ شرح نمو بالترتیب 16.2 فیصد، 13.2 فیصد اور 9.8 فیصد رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے ابتدائی 5 مہینوں کے دوران کھانے پینے کے شعبے میں لین دین کی مالیت سالانہ بنیاد پر 3.2 فیصد بڑھ کر 5.69 ارب پٹاکا ہوگئی۔
دوسری جانب ریٹیل شعبے نے مئی میں 4.1 ارب پٹاکا مالیت کی لین دین ریکارڈ کی جو سالانہ اعتبار سے 3.1 فیصد کمی ظاہر کرتی ہے تاہم اپریل کے مقابلے میں اس میں 14.1 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا۔ پہلے 5 مہینوں کے دوران یہ شعبہ گزشتہ سال سے 13.6 فیصد کمی کے ساتھ 20.81 ارب پٹاکا تک محدود رہا۔
ڈی ایس ای سی کے مطابق یہ اعداد و شمار مکاؤ ایس اے آر میں ان بڑے مالیاتی اداروں سے حاصل کئے گئے ہیں جو کاروباروں کو الیکٹرانک ادائیگیوں کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔ ان شعبوں میں کل وصولیوں کا 70 سے 80 فیصد حصہ الیکٹرانک ادائیگیوں پر مشتمل ہے۔
