لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی کو جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید کی ضمانت کی درخواستوں کو خارج کردیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے فیصلہ سنایا، درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس نے حقائق کے برعکس مقدمہ درج کیا، جلاؤ گھیراؤ سے کوئی تعلق نہیں ہے جب سے گرفتار ہیں جیل میں ہیں، عدالت ضمانت کی درخواستوں کو منظور کرے۔
پراسکیوشن نے ضمانت کی درخواستوں کی مخالفت کی اور کہا کہ ملزمان تفتیش میں قصور وار پائے گے ہیں، عدالت ضمانت کی درخواستوں کو خارج کرے۔
عدالت نے کارروائی کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید کی ضمانت کی درخواستوں کو خارج کردیا، ملزمان کے خلاف تھانہ سرور روڑ پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا۔
