اتوار, جولائی 27, 2025
انٹرنیشنلچین اور مصر دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو مسلسل فروغ دیں،...

چین اور مصر دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو مسلسل فروغ دیں، چینی وزیراعظم

مصرکے ایوان نمائندگان کے سپیکر حنفی علی جبالی دارالحکومت قاہرہ میں چینی وزیراعظم لی چھیانگ کا خیرمقدم کررہے ہیں-(شِنہوا)

قاہرہ(شِنہوا)چینی وزیراعظم لی چھیانگ نے کہا ہے کہ چین اور مصر کو دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو مستقل طور پر فروغ دینا چاہیے، صنعتی ہم آہنگی اور منڈی کے روابط کو مضبوط کرنا چاہیے اور باہمی فائدے پر مبنی تعاون کو ایک بلند سطح تک لے جانا چاہیے۔

یہ بات انہوں نے مصری ایوان نمائندگان کے سپیکر حنفی علی جبالی سے ملاقات کے دوران کہی۔ چینی وزیراعظم لی چھیانگ نے اپنے مصری ہم منصب مصطفیٰ کمال مدبولی کی دعوت پر مصر کا سرکاری دورہ کیا۔

لی چھیانگ نے کہا کہ اگرچہ چین اور مصر جغرافیائی لحاظ سے دور ہیں لیکن دونوں ممالک کے درمیان دوستی کی ایک طویل تاریخ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو طرفہ سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد عالمی حالات چاہے جیسے بھی ہوں، چین اور مصر کی روایتی دوستی ہمیشہ قائم رہی اور دونوں ممالک کے تعلقات اور تعاون کی رفتار مسلسل آگے بڑھتی رہی ہے جو اس کی اندرونی طاقت کا ثبوت ہے۔

چین مصر کے ساتھ روایتی دوستی کو مزید فروغ دینے، سیاسی اعتماد کو بڑھانے، بنیادی مفادات اور اہم خدشات پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کرنے اور دو طرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لئے تیار ہے تاکہ دونوں اقوام کو زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے قانون ساز اداروں کے درمیان دوستانہ روابط کو برقرار رکھنے، پالیسیوں کے تبادلے کو مضبوط کرنے اور نظم ونسق کے تجربات بانٹنے پر زور دیا تاکہ باہمی فہم و فراست میں مزید بہتری لائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ چین ترقیاتی اہداف کے لئے مصر کے ساتھ ہم آہنگی بڑھانے کا خواہاں ہے اور دونوں ممالک کو اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو فروغ دینا چاہیے اور چین-عرب ریاستوں کے تعاون فورم اور چین-افریقہ تعاون فورم جیسے پلیٹ فارمز سے فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ دو طرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون کو بہتر بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو دو طرفہ منصوبوں کی پائیدار سرگرمیوں میں تعاون کرنا چاہیے، تجارت اور سرمایہ کاری کی سہولتوں کو بہتر بنانا چاہیے، صنعتی ہم آہنگی اور منڈی کے روابط کو مضبوط کرنا چاہیے اور ڈیجیٹل معیشت و ماحول دوست ترقی جیسے ابھرتے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینی چاہیے تاکہ باہمی مفادات اور کامیابیوں کے ایک بلند تر درجے تک پہنچا جا سکے۔

چینی وزیراعظم نے کہا کہ چین اقوام متحدہ، برکس اور شنگھائی تعاون تنظیم جیسے اداروں کے ذریعے مصر کے ساتھ قریبی رابطے اور ہم آہنگی قائم رکھنے کے لئے تیار ہے تاکہ بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں اور کثیرجہتی تجارتی نظام کا تحفظ کیا جا سکے اور عالمی امن و ترقی کے مقصد میں مثبت توانائی شامل کی جا سکے۔

اس موقع پر مصری ایوان نمائندگان کے سپیکر حنفی علی جبالی نے کہا کہ دو عظیم قدیم تہذیبوں کے طور پر مصر اور چین عوامی سطح پر گہری دوستی اور تبادلوں کی طویل تاریخ رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مصر چین کی اقتصادی و سماجی ترقی میں نمایاں کامیابیوں کو سراہتا ہے اور پر اعتماد ہے کہ صدر شی جن پھنگ کی قیادت میں چین کامیابی سے جدیدیت حاصل کرے گا جو دیگر ترقی پذیر ممالک کے ساتھ تعاون کے لئے نئے مواقع فراہم کرے گا۔

جبالی نے کہا کہ مصر "ایک چین” کے اصول پر کاربند ہے، چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے اور چین کے داخلی معاملات میں مداخلت کی مخالفت کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مصری ایوان نمائندگان دونوں ممالک کے قانون ساز اداروں کے درمیان تبادلوں اور تعاون کو فروغ دینے کے لئے پر عزم ہے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!