اتوار, جولائی 27, 2025
بیلٹ اینڈ روڈ+سی پیکپاکستانی تاجر چین کے مغربی خطے کے مواقع سے بھرپورفائدے اٹھا رہے...

پاکستانی تاجر چین کے مغربی خطے کے مواقع سے بھرپورفائدے اٹھا رہے ہیں

چین کے شمال مغربی صوبے گانسو کے شہر لان ژو میں محمد (دائیں سے دوسرے) 31ویں چین لان ژو سرمایہ کاری و تجارتی میلے میں تاجروں کو پتھر کی مصنوعات متعارف کرا رہے ہیں-(شِنہوا)

لان ژو(شِنہوا)چین کے شہر لان ژو میں جاری 31 ویں چین لان ژو سرمایہ کاری و تجارتی میلے میں پاکستانی تاجر محمد ان دنوں خاصے مصروف دکھائی دے رہے ہیں جہاں وہ ہاتھ سے بنے ہوئے پتھر کے دیدہ زیب فن پارے اپنے سٹال پر پیش کر رہے ہیں۔ ان کے سٹال پرخریداروں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔

یہ تجارتی میلہ 6 جولائی کو  چین کے شمال مغربی صوبے گانسو کے دارالحکومت لان ژو میں شروع ہوا۔ اس موقع پر متعدد پاکستانی تاجروں نے گانسو اور چین کے مغربی علاقوں میں تجارتی مواقع کے حوالے سے بھرپور امید کا اظہار کیا اور باہمی مفاد کے لئے دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش ظاہر کی۔

میلے میں تیسری بار شرکت کرنے والے محمد نے کہا کہ ہاتھ سے بنی ہوئی پتھر کی پاکستانی مصنوعات کو فروغ دینے کے لئے یہ ایک شاندار پلیٹ فارم ہے۔ گزشتہ سال کے میلے میں انہوں نے 50 ہزار یوآن (تقریباً 6 ہزار 989 امریکی ڈالر) مالیت کی مصنوعات موقع پر فروخت کی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے محسوس ہو رہا ہے کہ اس سال مارکیٹ کے حالات گزشتہ سال سے بہتر ہیں۔ چین کے مغربی علاقوں میں کاروباری مواقع ضائع نہیں کرنےچاہئیں۔

لان ژو سرمایہ کاری و تجارتی میلے میں 7 ویں بار شرکت کرنے والےعبدالباسط نے بھی ان خیالات کی تائید کی۔ کئی برسوں سےمسلسل لان ژو میں نمائش کرنے کے بعد وہ گانسو اور چین کی مغربی مارکیٹ کو بہت امید افزا قرار دیتے ہیں۔

باسط نے کہا کہ ہماری کمپنی کی پتھر کی مصنوعات دیکھیں، ان پر اکثر پِیونی کے پھول اور کدو جیسے چینی ثقافت کے روایتی نقش و نگار ہوتے ہیں جو خوش بختی اور خیر و برکت کی علامت ہیں۔ ہمارا یہ ڈیزائن چینی مارکیٹ میں اپنی موجودگی کو مستحکم کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

چین کے شمال مغربی صوبے گانسو کے شہر لان ژو میں عبدالباسط (دائیں) 31 ویں چین لان ژو سرمایہ کاری و تجارتی نمائش میں شریک تاجروں کو پتھر کی مصنوعات متعارف کرا رہے ہیں-(شِنہوا)

پاکستانی نمائش کنندگان کی فعال شرکت گانسو اور پاکستان کے درمیان متحرک تجارتی اور اقتصادی روابط کی عکاسی کرتی ہے۔ حالیہ برسوں میں تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، زراعت اور تربیت کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھا ہے۔ اس کے علاوہ لان ژو – کوئٹہ اور جیوچھوان – فیصل آباد کے درمیان دوستانہ تبادلےبھی مضبوط ہوئے ہیں۔

تجارتی اعداد و شمار بھی ان بڑھتے ہوئے تعلقات کی تصدیق کرتے ہیں۔ رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں گانسو کی درآمدات و برآمدات کی مجموعی مالیت 19.47 ارب یوآن رہی جو گزشتہ سال سے 49.4 فیصد اضافہ ہے۔ پاکستان سمیت بیلٹ اینڈ روڈ ممالک کے ساتھ تجارت 14.76 ارب یوآن رہی جو 45.4 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے اور صوبے کی مجموعی تجارت کا 75.8 فیصد حصہ ہے۔

گانسو صوبے کی عوامی حکومت کے خارجہ امور دفتر کے ڈائریکٹر ژانگ باؤجون نے تعاون کو فروغ دینے کی جاری کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لان ژو-اسلام آباد مال بردار ٹرین سروس کو بنیاد بنا کر گانسو مزید تجارتی و اقتصادی اشتراک کو فروغ دے رہا ہے۔ صوبہ اپنی کمپنیوں کو پاکستان میں کاروبار اور منصوبے انجام دینے کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہا ہے تاکہ تعاون کے وسیع راستے کھولے جاسکیں۔

ژانگ نے کہا کہ ہم لان ژو یونیورسٹی اور پاکستانی تحقیقی اداروں کے درمیان تحقیقی اشتراک کی حمایت کرتے ہیں اور پاکستانی طلبہ کو گانسو کی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔

لان ژو یونیورسٹی کے سکول برائے سیاسیات اور بین الاقوامی تعلقات کے سربراہ ژو یونگ بیاؤ نے کہا کہ چین-پاکستان تعلقات، چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے فریم ورک کے تحت گہرے تعاون کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی باہمی ترقی کی مشترکہ خواہش نہ صرف عوامی معیار زندگی کو بہتر بنائے گی بلکہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو بھی فروغ دے گی اور علاقائی رابطوں اور تجارتی آسانیوں کو مزید بڑھائے گی۔

گانسو کا یہ بین الاقوامی اقتصادی میلہ 1993 سے منعقد ہو رہا ہے۔ اس سال یہ میلہ 2 ہزار سے زائد ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کو اپنی جانب متوجہ کرچکا ہے اور ایک ہزار 181 سرمایہ کاری منصوبوں کے معاہدے ہو چکے ہیں جن کی مجموعی مالیت 650 ارب یوآن (تقریباً 90.9 ارب امریکی ڈالر) ہے۔ یہ معاہدے نئی توانائی، زرعی مصنوعات کی پروسیسنگ، جدید مواد اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں کئے گئے ہیں۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!