جنوبی افریقا کے کپتان ویان ملڈر نے برائن لارا کا ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگ میں 400 رنز کا ریکارڈ نہ توڑنے کی وجہ بتادی۔خیال رہیکہ بلاوایو ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کے کپتان ویان ملڈر نے زمبابوے کے خلاف شاندار ٹرپل سنچری اسکور کی۔تاہم جب وہ لارا کا ریکارڈ توڑنے سے صرف 34 رنز دور تھے تو انہوں نے اننگ ڈکلیئر کرکے شائقین کرکٹ کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔
دوسرے دن کے کھیل کے اختتام کے بعد سابق جنوبی افریقی کپتان اور کمنٹیٹر شان پولاک سے گفتگو میں ویان ملڈر نے بتایا کہ انہوں نے برائن لارا کا ریکارڈ اس لیے نہیں توڑا کیونکہ وہ لیجنڈ کرکٹر ہیں، انہوں نے انگلینڈ کے خلاف 400 رنز بنائے تھے، میں چاہتا تھا کہ ریکارڈ لارا کے پاس ہی رہے، دوبارہ موقع ملا تب بھی ایسا ہی کروں گا۔
27 سالہ جنوبی افریقی کپتان ویان ملڈر کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے میں نے یہ سوچا کہ رنز بہت ہوچکے ہیں، میرے لیے یہ بہت خاص اننگ تھی، اچھی بات یہ ہیکہ میری اننگ ٹیم کے کام آئی، میں نے اپنے کوچ سے بات کی اور کہا کہ ریکارڈ لیجنڈز کے پاس ہی ہونا چاہیے، برائن لارا نے جو ریکارڈقائم کیا ہے وہ ویسے ہی رہنا چاہیے۔ویان ملڈر کا مزید کہنا تھا کہ میں نے کبھی ڈبل سنچری کا خواب بھی نہیں دیکھا تھا، ٹرپل تو بہت دور کی بات ہے۔
