اتوار, جولائی 27, 2025
انٹرنیشنلچین یونان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے کے لئے تیار ہے،چینی...

چین یونان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے کے لئے تیار ہے،چینی وزیراعظم

چینی وزیراعظم لی چھیانگ اور یونان کے نائب وزیراعظم کوسٹس ہاتزیداکس یونان کے رہوڈس  جزیرے میں ملاقات کررہے ہیں-(شِنہوا)

رہوڈس، یونان(شِنہوا)چینی وزیراعظم لی چھیانگ نے کہا ہے کہ چین یونان کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے تیار ہے۔

یونان کے نائب وزیراعظم کوسٹس ہاتزیداکس سے ملاقات کے دوران چینی وزیراعظم لی چھیانگ نے کہا کہ چین یونان کے ساتھ مل کر مشترکہ فوائد سے استفادہ کرنے، پیرائس بندرگاہ کے منصوبے کو اعلیٰ معیار کے ساتھ آگے بڑھانے اور دو طرفہ تجارت کی متوازن اور بہتر ترقی کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نومبر 2023 کو یونانی وزیراعظم کریاکوس متسوتاکس سے ان کے دورہ چین کے موقع پر چینی صدر شی جن پھنگ نے ملاقات کی تھی اور دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا تھا۔

چینی وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران چین اور یونان نے اس دورے کے نتائج کو سرگرمی سے نافذ کیا اور بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دیا، جس سے دونوں ممالک کے عوام کو زیادہ فائدہ پہنچا۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ اگلے سال چین-یونان جامع تزویراتی شراکت داری کی 20ویں سالگرہ ہے اور چین چاہتا ہے کہ وہ یونان کے ساتھ مل کر ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور اہم امور کی پرزور حمایت جاری رکھے، مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو وسعت دے اور مزید ٹھوس نتائج حاصل کرے۔

چینی وزیراعظم نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ تہذیبوں کے درمیان سیکھنے کے عمل کو فروغ دیں، سیاحت اور عوامی تبادلوں کو آسان بنائیں اور دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان دوستی کو مضبوط کریں۔

انہوں نے کہا کہ چین اور یورپی یونین (ای یو) کے درمیان وسیع مشترکہ مفادات موجود ہیں اور موجودہ عالمی رجحانات میں یکطرفہ اقدامات اور تجارتی تحفظ پسندی کے خلاف چین اور ای یو کو مل کر کثیرجہتی اور آزاد تجارت کے لئے مثبت پیغام دینا چاہیے اورعالمی معیشت اور بین الاقوامی تجارتی نظم و نسق کے تحفظ کے لئے مل کرکام کرناچاہیے۔

لی چھیانگ نے امید ظاہر کی کہ یونان چین اور ای یو کے تعلقات کی ترقی میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔

اس موقع پر یونان کے نائب وزیراعظم کوسٹس ہاتزیداکس نے کہا کہ یونان اور چین دونوں قدیم تہذیبیں ہیں اور یونان چین کے ساتھ تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین ایک اہم ملک ہے جس کا بین الاقوامی سطح پر بڑا اثر و رسوخ ہے اور یونان اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کے تحفظ اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے عالمی مسائل سے نمٹنے کے لئے چین کے ساتھ کثیرجہتی ہم آہنگی کو مضبوط بنانا چاہتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ یونان چین ای یو تعلقات کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے بھی تیار ہے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!