اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو ساتھ لے کر چلا جائے، اپنا مسلک چھوڑو نہ ، کسی کا چھیڑو نہ کی تھیم رکھنی چاہئے، بھارت سے جنگ جیتنے پر یوم آزادی بھرپور طریقے سے منائینگے، دشمن کو 4گنا زیادہ نقصان پہنچا، ایران اسرائیل جنگ بندی کے پیچھے بھی وردی ہے، قیادت نے جیسے عالمی رہنمائوں کو قائل کیا اس پر سب کو فخر کرنا چاہئے۔
جمعرات کو وزیرداخلہ کی زیر صدارت محرم الحرام میں قیام امن بارے علمائے کرام کیساتھ اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبدالخبیر آزاد سمیت دیگر اہم مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ تمام علما کرام کی آمد پر شکر گزار ہوں، قیام امن میں علماء کرام نے ہمیشہ اہم کردارادا کیا۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین سب کے ہیں، محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی کا فروغ انتہائی ضروری ہے، قیام امن حکومت کی ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے سربراہان، علمائے کرام کو دعوت دی جائیگی کہ 14اگست کو فیصل مسجد میں نمازِ ظہر باجماعت ادا کریں، میں اور وزیر مملکت تمام علمائے کرام کو خود دعوت نامے پہنچائینگے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ میں کامیابی کے بعد اللہ نے جو عزت دی اس وجہ سے مثالی یوم آزادی منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جن علاقوں میں دہشت گردی زیادہ ہے وہاں علما سے بات چیت کرنا ضروری ہے، مقامی لوگوں کی مدد کے بغیر دہشت گردی ختم نہیں ہوسکتی۔
وزیر داخلہ نے مذہبی آہنگی کیلئے مولانا عبدالخبیر آزاد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا عبدالخبیر آزاد ہر موقع پر تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کو ساتھ لے کر چلتے ہیں، خواہش ہے، اگلا اجلاس خیبرپختونخوا میں رکھیں اور وہاں کے علمائے کرام کو ساتھ بٹھائیں، ہم سب مل کر ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے اور ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو ساتھ لے کر چلیں، اپنا مسلک چھوڑو نہ اور کسی کا مسلک چھیڑو نہ کی تھیم رکھنی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران غیبی مدد آئی، بھارت نے ایک پاکستانی بیس پر تقریبا 11میزائل فائر کئے، اس بیس پر ہمارے جہاز اور لوگ بھی موجود تھے، خدشہ تھا بھارتی میزائلوں سے نقصان ہوگاتاہم کسی ایک بھی بھارتی میزائل سے پاکستان کے جہاز اور لوگوں کو نقصان نہیں پہنچا، آرمی چیف نے واضح کردیا تھا کہ حملہ کرنے پر بھارت اس سے زیادہ بھگتے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے جوابی حملے میں کسی شہری آبادی کو نقصان نہیں پہنچا ،پاکستانی میزائل بھارت کے سب سے بڑے آئل ڈپو میں لگے،بھارت نے 4گنا زیادہ نقصان برداشت کیا، ہم جنگ میں جیت کے بعد یوم آزادی 4گنا زیادہ منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ،ایران سیزفائر میں وزیراعظم کا اہم کردار ہے، جنگ بندی کے پیچھے بھی وردی ہے جس طرح قیادت نے کردار ادا اور عالمی رہنمائوں کو قائل کیا اس پر ہم سب کو فخر کرنا چاہئے۔
