چین کے مشرقی شہر شنگھائی کے یویوآن گارڈن مال میں فرانس سے آئے سیاح سوپ ڈمپلنگ سے لطف اندوز ہورہے ہیں-(شِنہوا)
شنگھائی(شِنہوا)شنگھائی نے "ایزی گو” کے نام سے ایک آل ان ون پلیٹ فارم متعارف کرادیا ہے، جس کا مقصد بین الاقوامی سیاحوں کے لئے ڈیجیٹل خدمات کو آسان بنانا ہے۔ یہ اقدام چین کی ویزا سہولیات میں توسیع اور فوری ٹیکس ریفنڈ کی سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کیا گیا ہے۔
یہ پلیٹ فارم شنگھائی بلدیہ عوامی حکومت کے محکمہ خارجہ امور، پیپلز بینک آف چائنہ کے شنگھائی صدر دفتر اور دیگر شہری محکموں نے مل کر تیار کیا ہے۔ یہ پلیٹ فارم علی پے کے بین الاقوامی ورژن پر صارفین کو سیاحت اور خریداری سے متعلق معلومات اور خدمات فراہم کرتا ہے تاکہ متعدد ایپس ڈاؤن لوڈ کرنے کی ضرورت نہ پڑے اور زبان کی رکاوٹیں بھی پیش نہ آئے۔
غیر ملکی صارفین صرف ایک کلک سے رجسٹریشن کرکے کھانے، ٹرانسپورٹ، سیاحت اور خریداری کے 4 اہم شعبوں میں 30 چھوٹے پروگراموں تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ بنیادی سہولیات میں کھانے کی ترسیل، ریسٹورنٹ کی تجاویز، پبلک ٹرانسپورٹ، سواری، سفری مشورے، ٹکٹ کی بکنگ، سامان کا ذخیرہ اور ٹیکس ریفنڈ سروس کے مقامات شامل ہیں۔ یہ سروس بنیادی طور پر انگریزی میں دستیاب ہے اور کئی زبانوں میں ترجمہ فراہم کرتی ہے۔
ایزی گو میں "ٹیکس ریفنڈ کے لئے ٹیپ کریں” جیسا فیچر بھی شامل ہے، جو شہر کے ٹیکس ریفنڈ نقشے سے منسلک ہے اور اس میں شہر کی رہنمائی اور سفر سے متعلق تازہ ترین مشورے بھی شامل ہیں۔ شنگھائی اور چین کی تشہیر پر مبنی میڈیا اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی ویڈیوز بھی اس پلیٹ فارم پر دستیاب ہیں۔
فرانس سے تعلق رکھنے والی کلاریس لی گورنک کا کہنا ہے کہ ایزی گو ایک بہت ہی آسان پلیٹ فارم ہے کیونکہ اس میں سب کچھ ایک جگہ موجود ہے۔ غیر ملکی سیاحوں کو شنگھائی آنے پر مختلف ایپس ڈاؤن لوڈ کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی، وہ ادائیگی، ترجمہ، کھانے کا آرڈر اور بائیکس کا استعمال صرف ایزی گو سے کرسکتے ہیں۔
