چین کے شمال مشرقی صوبے لیاؤ ننگ کے شہر شین یانگ میں لیتھیئم آئن بیٹری بنانے والی سرکردہ چینی کمپنی ای وی ای انرجی کمپنی لمیٹڈ کے بیٹری کے پیداواری مرکز کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کا مقام دیکھا جاسکتا ہے-(شِنہوا)
شین یانگ(شِنہوا)لیتھیئم بیٹری بنانے والی چینی کمپنی ای وی ای انرجی نے چین کے شمال مشرقی صوبے لیاؤننگ کے دارالحکومت شین یانگ میں اپنے پیداواری مرکز کو باضابطہ طور پر فعال کردیا ہے جس کا مقصد انتہائی سرد موسم کا مقابلہ کرنے والی بیٹریاں تیار کرنا ہے۔ یہ منصوبہ علاقے کے نئے توانائی شعبے کے لئے اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ کے شہر ہوئی ژو میں قائم کمپنی کی جانب سے 10 ارب یوآن (تقریباً 1.4 ارب امریکی ڈالر) کی سرمایہ کاری کا حامل شین یانگ مرکز بنیادی طور پر کم درجہ حرارت برداشت کرنے والی، اعلیٰ کثافت اور انتہائی قابل انحصار توانائی ذخیرہ کرنے والی پاور بیٹریاں تیار کرے گا۔ اس کا مقصد سرد علاقوں میں بیٹریوں کی ناقص کارکردگی جیسے اہم صنعتی چیلنج کا حل فراہم کرنا ہے۔
ای وی ای انرجی کے لیتھیئم بیٹریوں کے سرد علاقوں میں اطلاق سے متعلق تحقیقاتی مرکز کا افتتاح بھی اسی موقع پر کیا گیا۔ مرکز کے ڈائریکٹر لی وے کے مطابق یہ مرکز کمپنی کی موجودہ ٹیکنالوجی اور علاقائی شراکت داریوں سے فائدہ اٹھا کر نئی اقسام کے مواد اور ٹیکنالوجیز تیار کرے گا جس سے کم درجہ حرارت میں بیٹری کی کارکردگی خاص طور پر چارج اور ڈسچارج کی صلاحیت میں نمایاں بہتری آئے گی۔
یہ مرکز تائی شی ضلع میں واقع ہے جو شین یانگ کے نئی توانائی گاڑیوں کے صنعتی کلسٹر کا مرکز ہے اور جدید، سمارٹ اور ماحول دوست پیداوار کی طرف گامزن ہے۔ اس ضلع میں اس سال 181.6 ارب یوآن مالیت کے 450 اہم منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن میں 185 نئے اور265 جاری منصوبے شامل ہیں۔
