چین کے مشرقی شہر شنگھائی میں شنگھائی جنوبی ریلوے سٹیشن کا بیرونی فضائی منظر-(شِنہوا)
شنگھائی(شِنہوا)دریائے یانگسی طاس ریلوے نیٹ ورک نے 2025 کے پہلے 6 ماہ کے دوران 45 کروڑ 50 لاکھ مسافروں نے آمدورفت کی جو روزانہ اوسطاً 25 لاکھ 10 ہزار مسافر بنتے ہیں اور یہ تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں 4.6 فیصد زیادہ ہے۔
چائنہ ریلوے شنگھائی گروپ کے مطابق دوسری سہ ماہی میں پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں نمایاں ترقی دیکھی گئی۔ یکم مئی کو ایک ہی دن میں سفر کرنے والوں کی تعداد 42 لاکھ 70 ہزار کے قریب تھی جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔
چھنگ مِنگ تہوار، یوم مزدور اور ڈریگن کشتی میلہ جیسے اہم تعطیلاتی اوقات میں مسافروں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا۔
صرف مئی ڈے کی تعطیلات کے دوران 8 دنوں میں 3 کروڑ سے زیادہ مسافروں کو سفری سہولت دی گئی جو اوسطاً یومیہ تقریباً 38 لاکھ مسافر بنتے ہیں اور ایک نیا سنگ میل ہے۔ اس بڑی طلب کو پورا کرنے کے لئے بکنگ کے نظام میں اعداد وشمار کی مدد سے بہتری لائی گئی۔ اضافی سہولت کے طور پر 18ہزار 253 خصوصی ٹرینیں چلائی گئیں جن میں رات کے وقت چلنے والی تیز رفتار ٹرینیں بھی شامل تھیں۔
گروپ نے بتایا کہ جولائی اور اگست کی گرمیوں میں سفر کا رجحان بہت عروج پر ہوگا اور اندازہ ہے کہ اس دوران 19 کروڑ سے زائد مسافر سفر کریں گے۔ بڑھتی ہوئی سیاحت اور خاندانی سفر کی طلب کو پورا کرنے کے لئے 28.5 جوڑوں پر مشتمل عارضی ٹرین سروسز سمیت مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
