تھائی لینڈ کی فیو تھائی پارٹی کی رہنما پیتو نگ ترن شیناوترا تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں پریس کانفرنس میں شرکت کر رہی ہیں۔(شِنہوا)
بینکاک(شِنہوا)تھائی لینڈ کی آئینی عدالت نے وزیراعظم پیتو نگ ترن شیناوترا کو ان کے خلاف آئینی خلاف ورزی کے الزام میں دائر درخواست منظور کرتے ہوئے عہدے سے معطل کردیا ہے۔
عدالتی بیان کے مطابق ججوں کے ایک پینل نے متفقہ طور پر درخواست کو منظور کرتے ہوئے یہ حکم دیا کہ پیتونگ ترن منگل کے روز سے وزیراعظم کی حیثیت سے اپنےفرائض انجام دینا بند کر دیں جب تک کہ حتمی فیصلہ نہیں آ جاتا۔
یہ فیصلہ اس درخواست کے بعد سامنے آیا ہے جو گزشتہ ماہ کچھ سینیٹرز نے دائر کی تھی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ پیتو نگ ترن نے کمبوڈیا کے سینیٹ کے صدر سمدیک ٹیچھو ہن سن سے ٹیلیفون پر سرحدی تنازع پر گفتگو کر کے آئین اور اخلاقی ضوابط کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔
فیو تھائی پارٹی کی رہنما اور سابق وزیراعظم تھاکسن شیناوترا کی بیٹی 38 سالہ پیتونگ ترن کو گزشتہ سال اگست میں پارلیمانی انتخابات میں کامیابی کے بعد تھائی لینڈ کی سب سے کم عمر اور دوسری خاتون وزیراعظم کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔
