اتوار, جولائی 27, 2025
انٹرنیشنلچینی مندوب کا غزہ میں فوری اور پائیدار جنگ بندی کا مطالبہ

چینی مندوب کا غزہ میں فوری اور پائیدار جنگ بندی کا مطالبہ

اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فوکانگ سلامتی کونسل کے اجلاس میں اظہار خیال کررہے ہیں- (شِنہوا)

اقوام متحدہ(شِنہوا)چینی مندوب نے غزہ میں فوری اور دیرپا جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوجی ذرائع سے پائیدار امن حاصل نہیں کیا جا سکتا۔

اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فو کانگ نے کہا کہ اس وقت مشرق وسطیٰ سنگین بدامنی کا شکار ہے۔ ایران کے ساتھ ایک نازک جنگ بندی کے فوراً بعد اسرائیل نے جنوبی لبنان پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔ دوسری جانب فلسطینی عوام کی تکالیف میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

سلامتی کونسل میں اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غزہ میں تمام فوجی کارروائیاں فوری طور پر بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ فریقوں پر اثر و رسوخ رکھنے والے ممالک کو غیر جانبدار اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنا چاہیے اور جنگ بندی کے فروغ کے لئے موثر اقدامات کرنے چاہئیں۔

فو نے کہا کہ غزہ میں انسانی بحران انتہائی سنگین صورت اختیار کر چکا ہے۔ اسرائیل کو ایک قابض طاقت کے طور پر بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں، جن میں غزہ کی ناکہ بندی کا فوری خاتمہ، انسانی امداد تک مکمل رسائی کی بحالی اور اقوام متحدہ و دیگر انسانی امدادی اداروں کے ساتھ تعاون اور ان کی حمایت شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ مشرق وسطیٰ کے تنازع کا مرکزی نکتہ ہے اور اس کا حل صرف دو ریاستی حل کے نفاذ میں ہی ممکن ہے۔ بین الاقوامی برادری کو چاہیے کہ وہ اتحاد کو مضبوط بنائے، دو ریاستی حل کے سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کے لئے مشترکہ طور پر حمایت اور ضمانت فراہم کرے اور فلسطینیوں کی جبری منتقلی اور غزہ و مغربی کنارے کو ضم کرنے کی خطرناک کوششوں کی سختی سے مخالفت کرے۔

فو نے کہا کہ چین بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر غزہ میں لڑائی کے خاتمے، انسانی بحران میں کمی، دو ریاستی حل کے نفاذ اور فلسطینی مسئلے کے جامع، منصفانہ اور پائیدار حل کے لئے انتھک کوششیں جاری رکھے گا۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!