اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے جمہوری اقدار، شہریوں کی آواز کی حقیقی نمائندگی ،پارلیمانی اداروں کو مستحکم بنانے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے پاکستانی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمان جامع طرز حکمرانی اور خواتین کی نمائندگی کا ضامن ہے۔
پارلیمنٹرینزم کے عالمی دن کے موقع پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ہر سال 30جون کو منایا جانے والا یہ دن پارلیمانوں کے اس اہم کردار کو اجاگر کرتا ہے جو وہ جامع طرز حکمرانی، خواتین اور نوجوانوں کی بامعنی نمائندگی اور قانون سازی میں تکنیکی جدت کے فروغ کیلئے ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے کے ہمارے عالمی عزم کا اعادہ کرتا ہے، پاکستانی پارلیمنٹ ہمارے جمہوری نظام کی اساس ہے جو اپنے قانون سازی کے اختیارات اور متحرک قائمہ کمیٹیوں کے ذریعے احتساب، شفافیت اور ایگزیکٹو کی نگرانی کو یقینی بناتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین، آرٹیکلز 51اور 59کے تحت خواتین کو مخصوص نشستوں کے ذریعے ایوان میں نمائندگی کا حق دیتا ہے اور یہ نمائندگی صرف عددی نہیں بلکہ قائدانہ کردار میں بھی سامنے آئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت 8 خواتین سینیٹرز اور 4 خواتین قومی اسمبلی کی اراکین پارلیمانی کمیٹیوں کی چیئرپرسنز کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں جو جامع اور بااختیار قیادت کی عکاسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے صنفی مساوات اور سماجی تحفظ جیسے اہم موضوعات پر جدیدیت پر مبنی قانون سازی میں سرگرم کردار ادا کیا ہے ،مالی سال 2025-26ء کے بجٹ کی تیاری کے دوران حکومت نے اپنے اتحادی شراکت داروں سے فعال مشاورت کی جو ایک صحتمند جمہوریت کی بنیاد ہے۔
انہوں نے عالمی سطح پر پاکستانی پارلیمان کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اراکین پارلیمنٹ بین الاقوامی پارلیمانی سفارت کاری میں فعال ہیں اور بین الپارلیمانی یونین جیسے پلیٹ فارمز پر امن، ترقی اور تعاون کے فروغ کیلئے کام کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے جنوبی ایشیا میں حالیہ کشیدگی کے پس منظر میں پاکستان کے کثیر جماعتی پارلیمانی وفد نے عالمی فورمز پر سفارتی رسائی کے ذریعے ملکی موقف کو موثر انداز میں پیش کیا، وزیراعظم نے کہا کہ پارلیمانی شفافیت اور رسائی کو بہتر بنانے کیلئے ٹیکنالوجی کو اپنایا گیا ہے تاکہ جدید طرز حکمرانی کی ضروریات سے ہم آہنگ ہوا جا سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جمہوری اقدار، شہریوں کی آواز کی حقیقی نمائندگی اور پارلیمانی اداروں کو مزید مستحکم بنانے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
