لاہور کی مقامی عدالت نے اداکارہ نازش جہانگیر کو استغاثہ کیس میں طلب کرتے ہوئے کارروائی 7 جولائی تک ملتوی کر دی۔
جمعرات کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے اداکار اسود کی درخواست پر سماعت کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ اداکارہ نازش جہانگیر نے رقم لیکر واپس نہیں کی اور امانت میں خیانت کی جبکہ دھوکا دہی سے رقم اور گاڑی بھی لی جو واپس نہیں کی گئی۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت اداکارہ کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا حکم دے۔
دوسری جانب نازش جہانگیرعدالت میں پیش نہ ہوئیں اور ان کے وکیل کی جانب سے ایک روزہ حاضری معافی کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ اداکارہ کی طبعیت ناساز ہے اور وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
عدالت نے اداکارہ نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی اور آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر حاضری معافی کا اوریجنل میڈیکل سرٹیفیکٹ بھی طلب کیا۔
