چینی وزارت دفاع کے ترجمان نے امریکا پر زور دیا ہےکہ وہ چین کے بارے میں ایک معروضی اور حقیقت پسندانہ نقطہ نظر اپنائے اور امریکی عوام اور بین الاقوامی برادری کو گمراہ کرنے اور دھوکہ دینے کا سلسلہ بند کرے۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت دفاع کے ترجمان نے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ چین کے بارے میں ایک معروضی اور حقیقت پسندانہ نقطہ نظر اپنائے اور امریکی عوام و بین الاقوامی برادری کو گمراہ کرنے کا سلسلہ بند کرے۔
ترجمان ژانگ شیاؤگانگ نے یہ بات جمعرات کے روز اس سوال کے جواب میں کہی جس میں امریکا کے وزیر دفاع کے ان حالیہ تبصروں کا حوالہ دیا گیا جن میں چین کو خطرہ قرار دیا گیا ہےاور انڈو پیسیفک خطے میں طاقت کے ذریعے امن کے نام پر امریکی ڈیٹرنس کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔امریکا نے اس خطے میں اپنی افواج کی جنگی تیاری کو بڑھانے اور تائیوان کی دفاعی صلاحیت کو مستحکم کرنے کے منصوبے بھی ظاہر کیے ہیں۔
ژانگ نے واضح کیا کہ تائیوان کا معاملہ مکمل طور پر چین کا اندرونی معاملہ ہے جس میں کسی بیرونی مداخلت کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے امریکا سے مطالبہ کیا کہ وہ ہر مسئلے پر چین کو مورد الزام ٹھہرانے کا عمل ترک کرے اور دونوں ممالک اور ان کی افواج کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرے۔
ژانگ نے کہا کہ چین اپنی ترقی کے ذریعے کبھی کسی ملک کو نہیں دھمکاتا، نہ ہی وہ کسی ملک کی طرح دھونس اور دباؤ کی پالیسی اختیار کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ چینی فوج دنیا میں امن کی ایک پُرعزم قوت ہے۔
