اتوار, جولائی 27, 2025
تازہ ترینچین اور یورپی یونین باہمی اعتماد کو فروغ دیں اور اختلافات کو...

چین اور یورپی یونین باہمی اعتماد کو فروغ دیں اور اختلافات کو حل کریں، چینی وزیرخارجہ

چینی وزیرخارجہ وانگ یی کا چین میں یورپی یونین اور رکن ملکوں کے سفیروں سے بیجنگ میں ملاقات کے موقع پر گروپ فوٹو-(شِنہوا)

بیجنگ(شِنہوا)چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے بیجنگ میں یورپی یونین (ای یو) اور اس کے رکن ممالک کے چین میں تعینات سفیروں سے ملاقات کی۔

کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے کہا کہ چونکہ اس سال چین اور یورپی یونین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 50ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے، اس لئے دنیا کی ان 2 بڑی تعمیری قوتوں کو چاہیے کہ وہ باہمی اعتماد کو فروغ دیں، اختلافات کو مناسب طریقے سے حل کریں، اپنی طاقتوں کو یکجا کریں اور چین-یورپی یونین جامع تزویراتی شراکت داری کو ایک نئے درجے تک لے جائیں۔

چینی وزیرخارجہ نے چین-یورپی یونین تعلقات کے فروغ کے لئے 3 نکاتی تجویز پیش کی۔

پہلی تجویز میں انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین کو خاص طور پر ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور اہم خدشات کا مخلصانہ احترام کرتے ہوئے باہمی احترام کا دامن تھامے رکھنا چاہیے۔ وانگ نے کہا کہ مکمل قومی اتحاد کا حصول چینی قوم کی دیرینہ آرزو اور تاریخی مشن ہے اور چین کبھی بھی تائیوان کو مادر وطن سے علیحدہ نہیں ہونے دے گا۔

انہوں نے زور دیا کہ چین توقع کرتا ہے کہ یورپی یونین ایک چین کے اصول پر مضبوطی سے قائم رہے گی اور "تائیوان کی آزادی” کے لئے کسی بھی شکل میں علیحدگی پسند سرگرمیوں کی مخالفت کرے گی۔

دوسری تجویز میں انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین کو اپنی شراکت داری کی پہلے سے طے شدہ حیثیت کو برقرار رکھنا چاہیے۔ وانگ یی نے کہا کہ چین اور یورپی یونین حریف نہیں بلکہ شراکت دار ہیں اور یقیناً دشمن نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین اور یورپی یونین کے درمیان نہ تو کوئی علاقائی تنازع ہے اور نہ ہی کوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگی، اور تو اور مفادات کا کوئی بنیادی تصادم بھی موجود نہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین یورپی یونین کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے تاکہ چین-یورپی یونین تعلقات میں تعاون کو مرکزی رجحان بنایا جا سکے۔

تیسری تجویز میں انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین کو کثیرجہتی اصولوں پر قائم رہنا چاہیے۔ وانگ یی نے کہا کہ چین اقوام متحدہ کو مرکز مانتے ہوئے بین الاقوامی نظام، بین الاقوامی قانون کی بنیاد پر عالمی نظم و ضبط اور اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد و اصولوں پر مبنی بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی ضوابط کی پرزور حمایت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین ہمیشہ امن مذاکرات کا حامی رہا ہے اور طاقت کے استعمال کو مسترد کرتا ہے۔

وانگ یی نے مزید کہا کہ چین اور یورپی یونین کو وقت کے تقاضوں کے مطابق چلنا چاہیے، فہم و ادراک کو فروغ دینا چاہیے، اعتماد قائم کرنا چاہیے، باہمی کامیابی حاصل کرنی چاہیے اور دنیا کو روشن رکھنا چاہیے۔

یورپی یونین کے چین مشن کےسربراہ اور یورپی یونین کے رکن ممالک کے سفیروں نے کہا کہ چین ہمیشہ یورپی یونین کے لئے ایک اہم شراکت دار رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین چین کے ساتھ ہاتھ ملا کر آگے بڑھنے، ایک تعمیری اور مستحکم تعلق قائم کرنے، عالمی مسائل سے نمٹنے، کثیرجہتی کو برقرار رکھنے اور دنیا میں امن و سلامتی کو فروغ دینے کے لئے تیار ہے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!