چین کے دارالحکومت بیجنگ کے شو گانگ پارک میں منعقدہ چائنہ بین الاقوامی میلہ برائے تجارتی خدمات کے دوران صحت عامہ کی خدمات کے بو تھ پر عملے کی ایک رکن گھٹنے کی سرجری کرنے والا روبوٹ متعارف کرارہی ہے۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چینی قانون ساز ملک میں عوامی صحت کی ہنگامی صورتحال سے متعلق رپورٹنگ کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے مجوزہ قانون پر غور کر رہے ہیں۔
عوامی صحت کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے اس مجوزہ قانون کو منگل کے روز چین کی قومی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے جاری اجلاس میں دوسری بار غور کے لئے پیش کیا گیا۔
قانون میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی فرد یا ادارہ عوامی صحت کی کسی ہنگامی صورتحال یا اس کے ممکنہ خطرے کو دریافت کرنے پر فوراً اطلاع کرے۔
قانون کے تحت صحت کے حکام اور بیماریوں سے بچاؤ اور کنٹرول کے محکمے اس قسم کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد فوری طور پر اپنی سطح کی عوامی حکومت کو آگاہ کرنے کے پابند ہوں گے اور ساتھ ہی اعلیٰ سطح کے اداروں اور ریاستی کونسل کے متعلقہ محکموں کو بھی رپورٹ دیں گے۔
مسودہ قانون میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عوامی صحت کے ہنگامی ردعمل کی منصوبہ بندی کرنے والے حکام کو متعلقہ محکموں، تنظیموں، ماہرین اور معاشرے کے مختلف شعبوں سے وسیع پیمانے پر آراء حاصل کرنی چاہئیں تاکہ ان منصوبوں کی سائنسی بنیاد، متعلقہ حیثیت اور عملی عملدرآمد کی صلاحیت کو بہتر بنایا جا سکے۔
