چین کے شمال مغربی صوبے شانشی کے دارالحکومت شی آن میں شیان یانگ بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل 5کا منظر-(شِنہوا)
شی آن(شِنہوا)شی آن کے شیان یانگ بین الاقوامی ہوائی اڈے سے استنبول کے لئے پرواز ایم یو 5025 روانہ ہوئی جو اس ہوائی اڈے سے ترکیہ کے لئے پہلی براہ راست بین الاقوامی پرواز کا آغاز ہے۔
ایئربس اے 330کے ذریعے چلائی جانے والی شی آن-استنبول پروازیں ہفتے میں 3 بار یعنی منگل، جمعہ اور اتوار کو شیڈول کی گئی ہیں، جن کے پرواز نمبر ایم یو 5025 اور ایم یو 5026 ہوں گے۔
ایم یو 5025 بیجنگ کے وقت کے مطابق صبح ایک بج کر 50منٹ پر چین کے شمال مغربی صوبہ شانشی کے دارالحکومت شی آن سے روانہ ہوگی اور مقامی وقت کے مطابق صبح 7بجے استنبول پہنچے گی۔ ایم یو 5026 استنبول سے مقامی وقت کے مطابق صبح 11بجے روانہ ہوگی اور اگلے دن بیجنگ کے وقت کے مطابق صبح ایک بج کر 25 منٹ پر شی آن پہنچے گی۔
یہ نیا فضائی روٹ چین اور ترکیہ کے ساتھ ساتھ مشرق وسطیٰ اور یورپ کے درمیان اقتصادی، ثقافتی اور سیاحتی تبادلوں کو فروغ دے گا۔ چین ایسٹرن ایئرلائنز کی شمال مغربی شاخ کے جنرل منیجر ژانگ یوہوئی کے مطابق اب مسافر شی آن کی قدیم تاریخ اور استنبول کے منفرد حسن سے زیادہ آسانی سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔
