لاہور: اداکارہ و میزبان عفت عمر نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی بیٹی کو ہمیشہ خود مختار رکھا اور وہ نہیں چاہتیں کہ ان کی بیٹی بڑھاپے میں ان کا سہارا بنے۔
ایک انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا کہ وہ بیٹی سے بیحد محبت کرتی ہیں اور جب بھی بیٹی کو ان سے بات کرنی ہوتی ہے، تو وہ دنیا کے تمام کام چھوڑ کر اس کی بات سنتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بیٹی جب چاہے ان سے رائے لے سکتی ہے لیکن وہ خود کبھی بیٹی کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتیں۔
عفت عمر نے بتایا کہ انہوں نے اپنی بیٹی پر کبھی کسی قسم کی روک ٹوک نہیں کی اور وہ اپنی زندگی کے تمام فیصلے خود کرتی ہے۔
انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ بیٹی نے اپنے لیے جیون ساتھی کا انتخاب خود کیا اور وہ کبھی یہ نہیں سمجھتیں کہ بیٹی کو یہ بتایا جائے کہ کیا کرنا ہے یا کیا نہیں کرنا۔
ادکارہ کے مطابق بطور والدین، انہوں نے بیٹی کے ہر فیصلے کی مکمل حمایت کی اور آج ان کی بیٹی خوش ہے۔
عفت عمر نے یہ بھی کہا کہ بطور والدین، ان پر لازم ہے کہ وہ اپنی بیٹی کا خیال رکھیں ۔ اداکارہ کے مطابق ان کی بیٹی گزشتہ چھ سال سے امریکا میں مقیم ہے اور اس کی شادی مارچ میں طے ہے۔
