چینی وزیر خارجہ وانگ یی بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول سے بیجنگ میں ملاقات کررہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے اعلیٰ سفارت کار وانگ یی نے بیجنگ میں بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اور چین-بھارت سرحدی معاملے پر بھارت کے خصوصی نمائندے اجیت دوول سے ملاقات کی۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور مرکزی خارجہ امور کمیشن کے دفتر کے ڈائریکٹر وانگ یی نے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے گزشتہ سال روس کے شہر کازان میں ہونے والی ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے پر اہم اتفاق رائے کیا تھا۔
وانگ یی نے کہا کہ چین اور بھارت کو اس اہم اتفاق رائے پر قائم رہنا چاہیے کہ وہ ایک دوسرے کےلئے خطرہ نہیں بلکہ ترقی کے مواقع ہیں اور وہ حریف نہیں بلکہ شراکت دار ہیں۔
وانگ نے کہا کہ چین اور بھارت کو چاہیے کہ وہ خوشگوار ہمسائیگی اور دوستی کے راستے پر قائم رہیں، باہمی مفاد اور دوطرفہ کامیابی کے امکانات کے لئے کوشش کریں، دونوں قدیم تہذیبوں کی تاریخی دانشمندی کا مظاہرہ کریں، حساس معاملات کو مناسب طریقے سے حل کریں اور سرحدی علاقوں میں امن و سکون کو برقرار رکھیں۔
اس موقع پر بھارت کے قومی سلامتی کے مشیراجیت دوول نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان طے پانے والا اہم اتفاق رائے دوطرفہ تعلقات کے لئے راہ متعین کرتا ہے اور یہ کہ بھارت اور چین کے تزویراتی اہداف ہم آہنگ ہیں کیونکہ دونوں ممالک کی اولین ترجیح ترقی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت مختلف شعبوں میں چین کے ساتھ رابطہ کاری کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے موجودہ چیئرمین کے طور پر چین کی مکمل حمایت کرتا ہے تاکہ وہ اپنے سربراہی کانفرنس کی کامیاب میزبانی کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ دونوں بڑی ایشیائی طاقتیں بین الاقوامی برادری کے لئے زیادہ موثر کردار ادا کرسکتی ہیں۔
