تنزانیہ کے شہر زنجیبار میں 34ویں چینی طبی ٹیم کی ماہر امراض چشم ژو شی(دائیں) مریض کے ساتھ تصویر بناتے ہوئے-(شِنہوا)
دارالسلام(شِنہوا)تنزانیہ کے شہر زنجیبار میں تعینات چینی طبی ٹیم کے 34ویں بیچ نے ’’اینجلز کیئر انیشی ایٹو‘‘ کے تحت مقامی یتیم خانے میں 200 سے زائد یتیم بچوں اور عملے کو مفت طبی سہولیات فراہم کیں۔
انٹرنل میڈیسن، سرجری، امراض نسواں، امراض چشم، ناک کان گلا اور دندان سازی سمیت مختلف شعبوں کے چینی ڈاکٹروں نے بچوں اور عملے دونوں کے جامع جسمانی معائنے کئے۔
چینی طبی ٹیم نے مریضوں کی تفصیلی تشخیص کی اور یتیم خانے کے عملے کو ہدایت کی کہ طبی مسائل کے شکار افراد کو مناسب علاج اور فالو اپ فراہم کیا جائے۔ معائنے کے بعد ٹیم کے ارکان نے بچوں میں تحائف تقسیم کئے جن میں سکول کا سامان، فٹبال اور کھانے پینے کے لوازمات شامل تھے۔
چینی طبی ٹیم کے سربراہ چھن وے نے کہا کہ بچوں کے چہروں پر مسکراہٹیں ہماری تمام تر محنت کو قابل قدر بناتی ہیں۔ اس سرگرمی کے ذریعے ہم نہ صرف ان کی صحت کا تحفظ چاہتے ہیں بلکہ یہ بھی چاہتے ہیں کہ وہ دور سے محبت محسوس کریں، زندگی کا بہادری سے سامنا کریں اور اپنے خوابوں کا تعاقب کریں۔
زنجیبار کی وزارت صحت کی میڈیکل رابطہ افسر مریم خلفان نے چینی طبی ٹیم کی مسلسل معاونت پر دلی شکریہ ادا کیا۔
