قازقستان کے شہر آستانہ میں دوسری چین-وسطی ایشیاسربراہ اجلاس کےموقع پر چینی صدر شی جن پھنگ ترکمانستان کے اپنے ہم منصب سردار بردی محمدوف سے ملاقات کررہے ہیں-(شِنہوا)
آستانہ(شِنہوا)چینی صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چین ترکمانستان کے ساتھ باہمی احترام اور باہمی فائدہ مند تعاون کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لئے مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔
قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں دوسری چین-وسطی ایشیا سربراہی کانفرنس کے موقع پر ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف سے ملاقات کے دوران شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور ترکمانستان مضبوط سیاسی اعتماد، تعاون کی مضبوط خواہش اور انتہائی تکمیلی فوائد سے مستفیدہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین ترکمانستان کے ساتھ مل کر دوطرفہ تعاون کو مضبوط، وسیع اور فروغ دینے اور مشترکہ مستقبل کے حامل چین-ترکمانستان معاشرے کے قیام کو آگے بڑھانے کا خواہشمند ہے۔
چینی صدر نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو اور ترکمانستان کی عظیم شاہراہ ریشم کی بحالی کی ترقیاتی حکمت عملی کے درمیان تزویراتی ہم آہنگی کو موثر طریقے سے بروئے کار لائیں۔ دونوں ممالک قدرتی گیس کے شعبے میں تعاون کو وسعت دیں۔ غیر قدرتی وسائل کے شعبوں میں تعاون کو بڑھائیں۔ تجارتی ڈھانچے کو بہتر بنائیں اور علاقائی روابط کو فروغ دیں۔
چینی صدر نے ثقافتی سالوں کے انعقاد کی بنیاد پر لوگوں کے درمیان تبادلے کے مزید پروگرام منعقد کرنے، ایک دوسرے کے ممالک میں ثقافتی مراکز کے قیام کو تیز کرنے اور عوامی رابطے کو فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے قانون کے نفاذ، سلامتی اور دفاع میں مضبوط تعاون، دہشت گردی، انتہا پسندی اور علیحدگی پسندی کے خلاف مشترکہ کوششوں اور سائبر سکیورٹی میں اعلیٰ سطح کے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ چین دوستانہ، محفوظ اور خوشحال ہمسائیگی کو فروغ دینے کے اپنے عزم کو برقرار رکھتے ہوئے محبت، خلوص، باہمی فائدے اور جامعیت کے اصولوں پر عمل پیرا ہے اور بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو ایک مرکزی پلیٹ فارم کے طور پر لیتا ہے تاکہ ترکمانستان سمیت خطے کے ممالک کے ساتھ مل کر بہتر مستقبل کی تعمیر کی جاسکے۔
انہوں نےکہا کہ چین ترکمانستان کی عالمی تجارتی تنظیم میں شمولیت اور افغانستان کے ہمسایہ ممالک کی 5 ویں وزرائے خارجہ کانفرنس کی کامیاب میزبانی کی حمایت کرتا ہے اور چین کے لئے یہ بات باعث مسرت ہے کہ ترکمانستان ایک مستقل غیر جانبدار ملک کی حیثیت سے بین الاقوامی امور میں زیادہ تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔
چینی صدر نے کہا کہ چین ترکمانستان کے ساتھ بین الاقوامی اور علاقائی امور میں ہم آہنگی اور تعاون بڑھانے، کثیرجہتی تجارتی نظام کا مشترکہ دفاع کرنے اور عالم جنوب کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لئے تیار ہے۔
اس موقع پر ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف نے چین-وسطی ایشیا سربراہی کانفرنس کے موقع پر صدر شی جن پھنگ سے ملاقات پر مسرت کا اظہار کیا اور اعتماد ظاہر کیا کہ یہ سربراہی کانفرنس نہ صرف وسطی ایشیا کے ممالک اور چین کے درمیان تعاون کو فروغ دے گی بلکہ ترکمانستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعاون کو بھی مضبوط کرے گی۔
سردار بردی محمدوف نے کہا کہ ترکمانستان-چین تعلقات کی ہمہ جہتی اور مضبوطی زبردست تزویراتی اہمیت رکھتی ہے۔ ترکمانستان چین کے ساتھ جامع تعاون کو وسعت دینے، چین کو قدرتی گیس کی برآمدات بڑھانے، پیداواری مشینری اور ٹیکسٹائل جیسے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے اور رابطے کو بڑھانے کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترکمانستان تعلیمی اور ثقافتی شعبوں میں عوامی تبادلے بڑھانے، قانون کے نفاذ اور سلامتی میں تعاون کو مضبوط بنانے اور اقوام متحدہ سمیت کثیرجہتی پلیٹ فارمز پر چین کے ساتھ ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کے لئے بھی تیار ہے تاکہ عالمی انصاف اور برابری کے اصولوں کا مشترکہ دفاع کیا جا سکے۔

شنہوا
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link