چین کے جنوبی صوبے ہائی نان کے شہر سانیا میں کشتیاں ایک گودی پر لنگرانداز ہیں-(شِنہوا)
ہائیکو(شِنہوا)چین کا انتہائی جنوبی جزیرہ نما صوبہ ہائی نان سال کے پہلے طوفان ووٹپ سے نمٹنے کے لئے انتہائی چوکس ہے، جس کی جمعہ کو ساحل سے ٹکرانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
طوفان ووٹپ جمعرات کی شام 8 بجے شدید استوائی طوفان میں تبدیل ہوگیا، جب اس کا مرکز ہائی نان کے شہر سانیا سے تقریباً 95 کلومیٹر جنوب میں واقع تھا۔ مقامی محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کی رفتار 25 میٹر فی سیکنڈ تک پہنچ گئی ہے، جو ایک وسیع علاقے میں تیز ہوائیں لے کر آ رہا ہے۔
جزیرے کے 6 شہروں اور کاؤنٹیوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران 100 ملی میٹر سے زائد شدید بارش کی توقع ہے اور موسلا دھار بارش اور اچانک سیلاب کے انتباہات جاری کر دیئے گئے ہیں۔
سانیا نے جمعرات کی شام 6 بجے سیلاب اور طوفان سے بچاؤ کے لئے ہنگامی ردِعمل کے دوسرے اعلیٰ درجے کو فعال کر دیا ہے۔ اہم آبی ذخائر سے پانی کا اخراج شروع کر دیا گیا ہے جبکہ پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام بدستور فعال ہیں۔
سانیا میں تمام سکول، تعمیراتی مقامات اور سیاحتی مقامات بند کر دیئے گئے ہیں۔ جہازوں کو سفر کرنے سے منع کر دیا گیا ہے اور سانیا ایئرپورٹ پر جمعرات کو رات 10 بجے سے تمام پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔ ہائی نان میں تیز رفتار ریلوے خدمات بھی روک دی گئی ہیں، جن کی بحالی ہفتے کے روز متوقع ہے۔
یہ طوفان شمال مغرب کی طرف 10 سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھ رہا ہے۔ پیش گوئی کی گئی ہے کہ یہ ہفتے کو چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ اور گوانگشی ژوانگ خودمختار علاقے کو متاثر کرے گا۔
