ہوانگ ژی (بائیں) اور موسیٰ داربوےگیمبیا کے سنٹرل ریور ریجن میں داربوے کے کھیت میں چاول کی کاشت کے تجربات کا تبادلہ کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
چھانگشا(شِنہوا)چین کے وزیرخارجہ وانگ یی نے چین-افریقہ تعاون میں کامیابی کی مزید داستانیں رقم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ چین-افریقہ دوستی کو مزید مستحکم کیا جا سکے اور افریقی براعظم کے عوام کو خود انحصاری کی ترقی اور بہتر زندگی کی امید دی جا سکے۔
چینی وزیرخارجہ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے گیمبیا کے ایک کسان اور کاروباری شخصیت موسیٰ داربوے کی مثال دی، جنہوں نے چین کی ہائبرڈ چاول ٹیکنالوجی سے بے حد فائدہ اٹھایا ہے۔
وانگ یی نے یہ تبصرہ اس وقت کیا جب وہ موسیٰ داربوے سے چین-افریقہ تعاون فورم کے قیام کی 25ویں سالگرہ کے موقع پر ایک تقریب میں گفتگو کر رہے تھے۔ یہ تقریب چین کے وسطی صوبہ ہونان کے دارالحکومت چھانگشا میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں موسیٰ داربوے نے اپنے تجربات کے بارے میں بتایا کہ کس طرح چینی سائنسدان یوآن لونگ پھنگ کی ہائبرڈ چاول ٹیکنالوجی نے ان کی چاول کی پیداوار میں نمایاں اضافہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ افریقہ میں چین کے زرعی ماہرین کی مدد سے انہوں نے خوشحالی حاصل کی اور ان کے آبائی علاقے نے بھوک سے نجات حاصل کی۔
موسیٰ داربوے گیمبیا سے اپنے چاول چین لائے تھے تاکہ سائنسدان یوآن لونگ پھنگ کو خراج تحسین پیش کرسکیں۔ انہوں نے اپنی خواہش کا اظہار کیا کہ وہ مزید چینی زرعی ٹیکنالوجیز اور جدیدیت سے روشناس ہونا چاہتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور وسیع تر تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
وانگ یی نے کہا کہ چین کی افریقی ممالک کے ساتھ دوستی کی ایک اہم ترجیح افریقی عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین مشترکہ مفادات اور زیادہ سے زیادہ بھلائی کے اصول پر عمل جاری رکھے گا اور افریقی براعظم کے عوام کو مزید ٹھوس فوائد فراہم کرے گا۔
