کویت کے دارالحکومت کویت سٹی کے شیخ جابر الاحمد ثقافتی مرکز میں فنکار سنکیانگ آرٹ شو میں اپنے فن کا مظاہرہ کررہے ہیں- (شِنہوا)
کویت سٹی(شِنہوا)کویتی وزیراعظم شیخ احمد عبداللہ الاحمد الصباح نے ایک وزارتی کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ چینی فریق کے ساتھ ہم آہنگی اور مشاورت کے عمل کو تیز کرے تاکہ ملک میں اہم منصوبوں میں تیزی لائی جاسکے۔
کویت نیوز ایجنسی کے مطابق وزیراعظم نے کویت اور چین کے درمیان دستخط شدہ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں(ایم او یوز) پر عملدرآمد کی نگرانی کے لئے قائم وزارتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں دو طرفہ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی تازہ ترین پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں رہائشی ترقی اور گندے پانی کی صفائی کے منصوبوں کے لئے بنیادی ماحولیاتی ڈھانچے اور اقتصادی زونز کی ترقی کے حوالے سے تعاون پر گفتگو بھی کی گئی۔
شرکاء نے چین کے ساتھ تزویراتی تعاون اور شراکت داری کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے طریقوں پر بھی غور کیا اور بڑے منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار تیز کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
کویت اور چین کے تعلقات میں مسلسل بہتری آئی ہے اور مختلف شعبوں میں قابلِ ذکر کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔
کویت خلیجی عرب ممالک میں پہلا ملک تھا جس نے 1971 میں چین کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کئے اور وہ ان اولین عرب ممالک میں شامل تھا جنہوں نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت چین کے ساتھ تعاون کا معاہدہ کیا۔
