اتوار, جولائی 27, 2025
انٹرنیشنلچین کا غزہ جنگ بندی کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قرارداد...

چین کا غزہ جنگ بندی کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قرارداد کا خیرمقدم

نیو یارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں جنرل اسمبلی کے ہنگامی خصوصی اجلاس میں غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد پر ووٹنگ کے نتائج سکرینوں پر دکھائے جا رہے ہیں-(شِنہوا)

اقوام متحدہ(شِنہوا)چین نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی اس قرارداد کا خیرمقدم کیا ہے جس میں غزہ میں فوری جنگ بندی اور بڑے پیمانے پر انسانی امداد کی فوری رسائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فو کانگ نے کہا کہ یہ قرارداد بین الاقوامی برادری کے زبردست مطالبے کی عکاسی کرتی ہے، مضبوط سیاسی پیغام دیتی ہے اور اقوام متحدہ کی اکثریتی رکن ریاستوں کے درمیان یکجہتی اور اتفاق رائے کی نمائندگی کرتی ہے۔

فو کانگ نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ گزشتہ ہفتے سلامتی کونسل امریکہ کے ویٹو کے باعث ایسی ہی ایک قرارداد کو منظور کرنے میں ناکام رہی۔

رائے شماری کی وضاحت کرتے ہوئے فو نے اسرائیل سے غزہ پر اپنے فوجی حملے روکنے کا مطالبہ کیا۔

فو نے کہا کہ فوری اور مستقل جنگ بندی ہی زندگیاں بچانے اور یرغمالیوں کی واپسی کا درست راستہ ہے۔ چین اسرائیل پر زور دیتا ہے کہ وہ فوراً غزہ میں تمام فوجی کارروائیاں بند کرے۔ خاطر خواہ اثرورسوخ رکھنے والے ملک کو غیرجانبدار اور ذمہ دارانہ رویہ اپنانا چاہیے اور موثر اور مضبوط اقدامات کرنے چاہئیں۔

فو نے کہا کہ چین انسانی امداد کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی مخالفت کرتا ہے۔

فو نے کہا کہ اقوام متحدہ اور انسانی ہمدردی کی تنظیمیں خبردار کر چکی ہیں کہ غزہ میں بڑے پیمانے پر قحط کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ اس کے برعکس غزہ کی سرحدوں پر خوراک کے بڑے ذخائر گوداموں میں جمع ہیں جنہیں بھوکے شہریوں تک پہنچانے کے لئے غزہ میں داخل نہیں ہونے دیا جا رہا۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!