بھارت کی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں طیارہ حادثے کی جگہ پر لوگ اور امدادی اہلکارنظر آرہےہیں۔(شِنہوا)
نئی دہلی (شِنہوا) حکام نے بتایا ہے کہ بھارت کی مغربی ریاست گجرات کے ایک ہوائی اڈے سے پرواز کے فوراً بعد ائیرانڈیا کی لندن جانے والی پرواز حادثے کا شکار ہو گئی جس میں 242 افراد سوار تھے، ان میں دو پائلٹ اور عملہ کے 10 ارکان شامل تھے۔
حکام نے جمعرات کے روز بتایاکہ یہ پروازگجرات کے دارالحکومت گاندھی نگر سے تقریباً 17 کلومیٹر جنوب میں واقع سردارولبھ بھائی پٹیل بین الاقوامی ہوائی اڈے سے روانہ ہوئی تھی۔
ائیرانڈیا کے مطابق بوئنگ 787-8طیارہ احمد آباد سے مقامی وقت کے مطابق دوپہر1بجکر38منٹ پر روانہ ہوا تھا اور اس پر 242 مسافر اورعملے کے ارکان سوار تھے۔
ائیر لائن نے بتایا کہ ان میں سے 169 بھارتی، 53 برطانوی، ایک کینیڈین اور 7 پرتگالی شہری شامل ہیں۔
ائیر انڈیا نے اس تباہ کن واقعے سے متاثر ہونے والے تمام افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ائیر انڈیا کے چیئرمین این چندرشیکرن نے ایک بیان میں کہا کہ گہرے دکھ کے ساتھ میں تصدیق کرتا ہوں کہ ائیرانڈیا کی پرواز 171 احمد آباد-لندن گیٹ وک آج ایک المناک حادثے کا شکار ہوئی ہے۔ ہماری گہری ہمدردیاں اور تعزیت اس تباہ کن واقعے سے متاثر ہونے والے تمام افراد کے اہل خانہ اور پیاروں کے ساتھ ہیں۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارہ تقریباً 825 فٹ کی بلندی تک پہنچنے کے بعداچانک نیچے آ گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ طیارہ ڈاکٹرز کے ہاسٹل کی عمارت پر گر کر تباہ ہوا۔
تاحال کسی کے زندہ بچنے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی اور حکام نے ابھی تک ہلاکتوں یا زخمیوں کی صحیح تعداد سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔
