وفاقی حکومت نے بڑھتے گردشی قرضے کو قابو کرنے کیلئے بجلی بلوں پر 10فیصد سرچارج لگانے کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق بجلی بلوں پر 10فیصد سرچارج عائد کرنے کیلئے نیپرا قانون میں ترمیم کی جائیگی ،منصوبے کی کامیابی کیلئے نظام لایا جائے گا جس کے بعد وفاقی حکومت کو ڈی ایس ایس کے تحت سرچارج عائد کرنے کا اختیار ہو گا۔توانائی ماہرین کے مطابق اگر نیپرا ایکٹ میں ترمیم ہو گئی تو بجلی قیمتوں میں مستقل اضافے کی راہ ہموار ہو جائیگی جس کا براہ راست اثر مہنگائی ،گھریلو صارفین کی مشکلات میں اضافے کی صورت میں سامنے آئے گا۔واضح رہے کہ ماضی میں حکومت بجلی بلوں پر عائد سرچارج کے ذریعے گردشی قرضے کے سود کی ادائیگی کرتی رہی ہے، اب ایک بار پھر گردشی قرض کا بوجھ کم کرنے کیلئے حکومت نے 1275ارب روپے کا قرض لینے کی منصوبہ بندی کی ہے جو کمرشل بینکوں سے حاصل کیا جائیگا ،یہ قرض آئندہ 6سال کے دوران صارفین سے وصول کئے جانیوالے سرچارج کے ذریعے واپس کیا جائے گا۔
