چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ایک غیرملکی سیاح شینگ شی فو ہیٹ سٹور سے ٹوپی خرید رہی ہے-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے دارالحکومت بیجنگ نے بیجنگ ان باؤنڈ ٹورازم ڈویلپمنٹ کانفرنس میں اپنی سیاحتی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے ایک جامع لائحہ عمل متعارف کرایا ہے کیونکہ شہر میں جنوری سے اپریل کے دوران 14لاکھ 60ہزار غیر ملکی سیاحوں کی آمد سے گزشتہ سال کے مقابلے میں 57.1 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اس منصوبے میں 4 اہم شعبوں مصنوعات، تشہیر، خدمات اور معاونت میں 22 اقدامات شامل کئے گئے ہیں تاکہ شہر کو مزید پر کشش بنایا جا سکے۔
اہم مصنوعات پر مبنی اقدامات میں بیجنگ سینٹرل ایکسس برانڈ کو فروغ دینا اور پیشکش کو متنوع بنانا شامل ہے، ان میں عالمی ورثہ کے دورے، ہوتونگ کی سیر، اور ایکسس کے ساتھ ساتھ سائیکلنگ کے تجربات شامل ہیں۔
خدمات میں بہتری کے اقدامات میں بین الاقوامی پروازوں کے نیٹ ورک کو وسعت دینا اور بہتر بنانا اور عارضی داخلہ پرمٹ کے لیے مخصوص زونز کے ساتھ داخلے کے عمل کو آسان بنانا شامل ہے تاکہ ایک ہی جگہ پر اجازت نامے جاری کیے جا سکیں ۔اس کے ساتھ غیر ملکی بینک کارڈز کو سب وے میں ٹیپ۔ اینڈ۔گو کے لیے قابل استعمال بنانا شامل ہے تاکہ سہولت میں اضافہ کیا جا سکے۔
بیجنگ کے نائب میئر سیما ہونگ نے کہا کہ بیجنگ میں آنے والے سیاحوں کی تعداد اور ان کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔ شہر عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے لئے پرعزم ہے تاکہ "بیجنگ کا سفر” کی لہر کو فروغ دے کر سیاحوں کو زیادہ کھلے، آسان اور دلکش تجربات فراہم کئے جا سکیں۔
کانفرنس میں "بیجنگ کی نئی دریافتوں” کے تحت 10 نئے موضوعاتی مواقع متعارف کرائے گئے جن میں کھانوں کی تلاش، غیر مادی ثقافتی تجربات اور رات کے وقت کشتی کی سیر شامل ہیں تاکہ سیاحوں کی متنوع ترجیحات کو پورا کیا جا سکے۔
کانفرنس سے قبل 40 سے زائد ممالک اور خطوں کے 270 سے زائد ٹریول ایجنٹس نے ایک سے 2 جون تک 48 گھنٹے کے دورے میں حصہ لیا جس میں یان چھی جھیل پر ڈریگن کشتی کی دوڑ دیکھنے اور پاپ لینڈ کی سیر شامل تھی، جو چین کی مشہور کھلونا کمپنی پاپ مارٹ کا پہلا آئی پی تھیم پارک ہے۔
یہ کانفرنس بیجنگ بلدیہ کے ادارہ برائے ثقافت وسیاحت اور وزارت ثقافت و سیاحت کے ادارہ برائے عالمی تبادلہ و تعاون کی جانب سے مشترکہ طور پر منعقد کی گئی، جس میں پالیسی اعلانات، تجارتی مذاکرات اور عالمی سیاحتی شراکت داری کو فروغ دینے کے لئے نمائشیں شامل تھیں۔
