چین کے جنوب مغربی صوبے یون نان میں مسافر چین-لاؤس ریلوے کےیو شی ٹرین اسٹیشن سے باہر آ رہے ہیں۔(شِنہوا)
وینتیان (شِنہوا) لاؤس میں اقوام متحدہ کے اداروں کے نمائندوں نے چین-لاؤس ریلوے کا دورہ کیا تاکہ علاقائی رابطے کو فروغ دینے، ذریعہ معاش کو بہتر بنانے اور پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے میں اس منصوبے کی کامیابیوں کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں اور اس کے ساتھ ہی مستقبل کے تعاون کے مواقع بھی تلاش کر یں۔
لاؤس میں چینی سفیر فانگ ہونگ کی دعوت پر لاؤس میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی)اور انٹرنیشنل لیبر آ رگنا ئزیشن (آئی ایل او) سمیت اقوام متحدہ کے 10 اداروں کے تقریباً 20 نمائندےچین-لاؤس ریلوے کے وینتیان اسٹیشن سے ٹرین پر سوار ہوئے۔
انہوں نے راستے میں کئی اہم مقامات کا دورہ کیا جن میں وانگ وینگ اسٹیشن، وانگ وینگ فریٹ بزنس ہال اور یارڈ، لوانگ پرابانگ اسٹیشن اور لوانگ پرابانگ مینٹیننس مینجمنٹ سینٹر شامل ہیں۔
وفد نے دورے کے دوران ریلوے آپریٹرز اور عملے کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی تاکہ ریلوے کے بنیادی ڈھانچے، مسافر اور مال بردار آپریشنز، انتظامی نظام، حفاظتی پروٹوکول، اور افرادی قوت کی ترقی کے بارے میں جامع سمجھ بوجھ حاصل کر سکیں۔
اقوام متحدہ کے نمائندوں نے لاؤس کی اقتصادی اور سماجی ترقی پر چین-لاؤس ریلوے کے مثبت اثرات کی تعریف کی ۔انہوں نے سفر کی سہولت کو بہتر بنانے، لاؤس کے نوجوانوں کے لیے تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے، سیاحت کو فروغ دینے اور علاقائی رابطے کو مضبوط بنانے میں ریلوے کے کردار کو اجاگر کیا۔
