صدر مملکت نے پاکستان اور بنگلہ دیش کو قریب لانے پر زور دیا ہے۔ آصف زرداری کا کہنا ہے کہ اس نسل سے تعلق رکھتا ہوں جس نے ہمیں علیحدہ ہوتے دیکھا، نوجوان نسل علیحدگی کے درد کو نہیں سمجھ سکتی، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی طرح بنگلہ دیش کو بھی وسائل سے نوازا ہے، ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جس سے عوام خوشحال ہوں، دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، نوجوان نسل کو باہمی رابطے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں گزشتہ رات عشائیے میں شرکت کی، اس موقع پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ساتھ گرم جوشی سے مصافحہ بھی کیا۔
رپورٹ کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے دونوں ٹیموں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمان خصوصی صدر مملکت تھے۔
