اتوار, جولائی 27, 2025
تازہ ترینایران کا پاک بھارت جنگ بندی کا خیرمقدم، خطے میں امن کی...

ایران کا پاک بھارت جنگ بندی کا خیرمقدم، خطے میں امن کی جانب اہم قدم قرار

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پیر کے روز پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق تہران میں پاکستانی وزیرِاعظم شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوے ایرانی صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران خطے میں پائیدار امن و استحکام اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات کو اپنے مشترکہ مفادات کا اہم جزو سمجھتا ہے۔

پاکستان اور بھارت نے رواں ماہ کے آغاز میں ایک دوسرے پر چار روزہ فوجی کارروائیوں کے بعد جنگ بندی کا اعلان کیا  ہے۔

یہ کشیدگی اُس وقت شدت اختیار کر گئی جب بھارت نے پہلگام کے علاقے میں فائرنگ کے ایک واقعے میں 26 افراد کی ہلاکت کے ردِعمل میں پاکستان میں مبینہ اہداف پر فضائی حملے کیے تھے ۔ پہلگام، سری نگر سے تقریباً 89 کلومیٹر مشرق میں واقع ایک قصبہ ہے ۔ سری نگر بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کا گرمائی دارالحکومت ہے۔

نئی دہلی نے حملہ آوروں کی پشت پناہی کا الزام اسلام آباد پر عائد کیا، تاہم پاکستان نے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے۔

ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے کہا کہ خطے اور دنیا میں پائیدار ترقی اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اختلافات کا پرامن اور بات چیت کے ذریعے حل ناگزیر ہے۔

پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے وفود کے درمیان مذاکرات کو "تعمیری” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان باہمی تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے ایران کے ساتھ مفاہمت چاہتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا  کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہمیشہ بات چیت کو ترجیح دیتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد بھارت کے ساتھ تمام دیرینہ تنازعات، خصوصاً مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے تیار ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے پُرامن جوہری توانائی کے حق کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر ملک کو ترقی کے لیے پُرامن مقاصد کے تحت ایٹمی توانائی حاصل کرنے کا حق حاصل ہے۔

پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف پیر کے روز ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ تہران پہنچے، جہاں انہوں نے ایرانی قیادت سے دوطرفہ تجارت، اقتصادی تعاون اور علاقائی استحکام سے متعلق امور پر بات چیت کی ہے۔

تہران سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!